پنجاب فوڈ اتھارٹی کی مختلف شہروں میں اتوار بازاروں کی چیکنگ،ناقص اشیائے خوردونوش تلف

حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق کاروبار کرنے اور فوڈ اتھارٹی قوانین کے متعلق آگاہی ورکشاپس کا انعقاد لاہور،فیصل ٹائون میں آئس فوڈ اینڈ ریسٹورنٹ ،بسم اللہ ریسٹورنٹ،لبرٹی میں اصلی کراچی پراٹھا رول کو جرمانے گوجرانوالہ میں ریاض ریسٹورنٹ کو15 ہزارروپے جرمانہ،فیصل آباد میں الجنت سویٹس کو جرمانہ اورسیل کرنے کی وارننگ

اتوار 20 نومبر 2016 22:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 نومبر2016ء) پنجاب فوڈ اتھارٹی صحت منداورمعیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے صوبہ بھر میں عوامی آگاہی مہم اورحفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں کررہی ہے۔لاہور،فیصل آباداورگوجرانوالہ میںاتوار بازاروںسمیت مختلف بازاروں کی چیکنگ کے دوران ناقص مصالحہ جات اور مضر صحت خوراک بیچنے والوں کے خلاف کریک ڈائون میں 6 بیکریاںاورریسٹورنٹ کو جرمانے اورسیل جبکہ غیرمعیاری خوردنی تیل فوری طور پر ضائع کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی نورالامین مینگل کی ہدایت پر ڈائریکٹر آپریشنز رافعہ حیدر نے سمن آباداور جوہر ٹائون اتوار بازاروں کا معائنہ کیا اور کولڈ ڈرنکس،چپس،مربہ جات اور مصالحوں پر تاریخ تنسیخ درج نہ ہونے پر سٹاک کو فوری طور پر ہٹواتے ہوئے دوکانداروں کو وارننگ جاری کی گئی ۔

(جاری ہے)

متذکرہ بالا اتوار بازاروں میں دکانداروں کے لیے حفظان صحت کے اصولوں سے آگاہی کے لیے ورکشاپ کا انعقاد بھی کیا گیا ۔

دوکانداروں کو فوڈ اتھارٹی قوانین اور ان کی خلاف ورزی پر دی جانے والی سزائوں اور جرمانوں کے متعلق تفصیلا آگاہی بھی دی گئی۔ گلبرگ ٹائون کی ٹیم نے فیصل ٹائون میں آئس فوڈ اینڈ ریسٹورنٹ اوربسم اللہ ریسٹورنٹ کو ورکرز کی ناقص جسمانی حالت ، خوراک کی سٹوریج کے لیے نیلے کیمیکل ڈرم استعمال کرنے اورناقص صفائی کے انتظامات جرمانہ کیا۔لبرٹی مارکیٹ میں اصلی کراچی پراٹھا رول کو ناقص غذائی اجزاء کے استعمال اوران پر تاریخ تنسیخ کی عدم موجودگی پر 7500روپے جرمانہ کیا۔

داتا دربار عرس کے موقع پرزائرین کے لئے معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے فوڈ اتھارٹی کی ٹیمیں مسلسل نگرانی اور چیکنگ کررہی ہیں۔اس سلسلے میںعرس پر لگائی گئی دودھ کی سبیلوں سے سیمپل لے کر چیکنگ کے لئے لیبارٹری بھیج دئیے گئے جبکہ داتا دربارکے قریب میاں بھولی باورچی کو انتہائی ناقص صفائی پر سر بمہرکر دیا۔گوجرانوالہ کی ٹیم نے ماڈل ٹائون میں ریاض ریسٹورنٹ کو ورکرز کی ناقص جسمانی حالت،زائدالمعیاد خوردنی تیل استعمال کرنے اور صفائی کے ناقص انتظامات پر پندرہ ہزار روپے جرمانہ کرتے ہوئے زائد المعیاد تیل کو فور ی طور پر ضائع کر دیا۔

فیصل آباد کی ٹیم نے گلبرگ روڑ پر الجنت سویٹس اینڈ بیکرز کو انتہائی گندی سیلنگ اور دیواروں،پراڈکشن ایریا میں واش روم ،سٹوریج ایریا میں چوہوں کی موجودگی،ورکرز کی انتہائی ناقص جسمانی حالت،کھانے پینے کی اشیاء کو پائوں کی سطح پر رکھنے اور ورکرز کے میڈیکلز موجود نہ ہونے کی وجہ سے 45000روپے جرمانہ اور مستقبل میں بہتری نہ لانے کی صورت میں سربہمر کرنے کی وارننگ جاری کی