پاکستان میں ارجنٹینا کے سفیر کا پی اے آرسی کا دورہ ، چیئرمین سے ملاقات

اتوار 20 نومبر 2016 21:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2016ء) پاکستان میں ارجنٹینا کے سفیر آئیوان ایوانیسوچ نے پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل (پی اے آرسی) کا دورہ کیا اور پی اے آر سی کے چیئرمین ڈاکٹر یوسف ظفر اور ممبر پلانٹ سائنسز ڈویژن ڈاکٹر غلام محمد علی سے ملاقات کی ۔ زراعت کے شعبہ میں پاک۔ارجنٹائن تعلقات کو مستحکم کرنے اور ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنے کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

اتوار کو یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق ملاقات کے دوران گندم اور مکئی کی پیداوار، فارم مشینری اورفصل کٹائی کے بعد کے نقصانات کو کنٹرول کرنے کے شعبوں میں تعاون جیسے امور زیرغور آئے۔ ملاقات کے دوران پاک۔ارجنٹینا سودمند تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا اور معزز سفیر نے ارجنٹائن کی حکومت کی طرف سے ان شعبوں میں ہرممکن تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

ارجنٹائن کے سفیر نے خواہش ظاہر کی کہ پاکستان کے محققین، منصوبہ سازوں کے وفد کو ارجنٹینا کے زرعی تحقیق کے اداروں کا دورہ کرنا چاہئے تاکہ نئی ایجادات، متبادل تکنیکی معلومات، تجربات اور زراعت اور اجناس کی مارکیٹنگ کے طریقہ کار کا معائنہ کرنا چاہئے۔ انہوں نے پی اے آر سی کے سائنسدانوں اور سینئر مینجمنٹ کو دسمبر کے پہلے ہفتے میں منعقد ہونے والے ڈونر سیمینار میں شرکت کی دعوت بھی دی۔

متعلقہ عنوان :