خطہ میں امن و استحکام کے خواہاں ہیں،کسی بھی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائیگا،ایڈمرل ذکاء اللہ

سربراہ پاک بحریہ نے پاکستان نیوی فلیٹ اور چین کی بحریہ کے ٹاسک گروپ کے درمیان شمالی بحر ِ عرب میں منعقدہ چوتھی باہمی مشق کے دوران نیول مہارتوں کا جائزہ لیا

اتوار 20 نومبر 2016 20:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 نومبر2016ء) پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکاء اللہ نے کہا ہے کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے خطہ میں امن و استحکام کا خواہاں ہے اورکسی بھی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائیگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان نیوی فلیٹ اور چین کی بحریہ کے ٹاسک گروپ کے درمیان جاری چوتھی مشترکہ مشق کا جائزہ لینے کے موقع پر کیا ۔

پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکاء اللہ نے اتوار کے روز چین کی بحریہ کے جہاز ہینڈن(HANDEN)کا دورہ کیا۔بحیرہ عرب میں منعقد ہونے والی دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ مشق 19-21نومبرتک جاری رہے گی جس میں دونوں ممالک کے بحری جہازوں، ہیلی کاپٹرز،میری ٹائم پٹرول کرافٹ کے وسیع رینج کے میری ٹائم اور نیول آپریشنز ، سپیشل فورسز کے جوائنٹ بورڈنگ آپریشنز، فضائی دفاع کی مشقوں، مواصلاتی رابطوں کی مشقوں اور جہازوں کی مشترکہ مہارتوں کا جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

کمانڈر پاکستان فلیٹ سید عارف اللہ حسینی بھی نیول چیف کے ہمراہ تھے۔ نیول چیف نے مشترکہ باہمی مشق کے دوران دونوں ممالک کی نیول فورسز کے آفیسرز اور جوانوںسے گفت و شنید کیاور ان کی جانب سے کئے جانے والے پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے اعلیٰ معیار ، آپریشنل اہلیتوں اور جنگی مہارتوں کے مظاہرے کو سراہا۔امیرالبحر نے چین کے بحری جہاز کے دورے اور مشقوں کے انعقاد پر اطمینان کا اظہار کیا۔

ؔؔپاک بحریہ کے سربراہ نے کہا کہ پاک بحریہ اور چین کی بحریہ کے درمیان مضبوط اور مثالی تعلقات ہیں جو مشترکہ میری ٹائم تعاون کی طویل تاریخ کے حامل ہیں اور دونوں ممالک کی نیول فورسزکے درمیان تعاون کی مستحکم قوت ہمیشہ دونوں فورسز کے درمیان مضبوطی کا وسیلہ ثابت ہوئی ہے۔اس تناظر میں یہ باہمی مشق خطے میں میری ٹائم سیکیورٹی اور استحکام کے لئے دور رس نتائج مرتب کرے گی۔

علاوہ ازیں ، نیول چیف نے اپنے دورے کے دوران پاک بحریہ کے فلیٹ کی دفاعی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ پاکستان بحریہ کے افسروں اور جوانوں سے گفت و شنید کے دوران امیرالبحر نے ان کے جذبے کو سراہا ۔انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے خطہ میں امن و استحکام کا خواہاں ہے اورکسی بھی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائیگا۔

متعلقہ عنوان :