جنوبی پنجاب کی یوتھ کوگرائونڈز میں لائیں گے تاکہ وہ اپنے ٹیلنٹ کو مزید بہتر بنا سکیں، ڈی جی سپورٹس پنجاب ذوالفقار احمد گھمن

اتوار 20 نومبر 2016 20:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 نومبر2016ء) ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ذوالفقار احمد گھمن نے کہا ہے کہ بہاولپور کے نوجوان بہت باصلاحیت ہیں، ان کی صلاحیتوں کو سامنے لانے کیلئے جشن بہاولپور اور سپورٹس گالا میں بہت سے ایونٹس منعقد کئے جارہے ہیں، جنوبی پنجاب کی یوتھ کوگرائونڈز میں لائیں گے تاکہ وہ اپنے ٹیلنٹ کو مزید بہتر بنا سکیں، بہاولپور کے لوگوں کو سپورٹس کی بہترین اور جدید سہولتیں فراہم کریں گے،یہاں پر لاہور اور دیگر بڑے شہروں جیسی سہولتیں میسر ہونگی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز بہاولپور میں پنجاب انٹر ڈسٹرکٹ گرلز ہاکی ٹورنامنت کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ڈی جی سپورٹس پنجاب اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی تھے،اپنے خطاب میں ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ذوالفقار احمد گھمن نے کہا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب صوبہ کے دور دراز علاقوں میں بھی سپورٹس کی جدید سہولتیں فراہم کررہا ہے جس کے لئے کئی نئے منصوبے بھی شروع کئے گئے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ نوجوان گرائونڈز میں آئیں اور کھیلیں تاکہ انکی جسمانی کے ساتھ ذہنی نشوونما بھی ہو، سپورٹس بورڈ پنجاب نے کھیل کے میدان آباد کردیئے ہیں اب نوجوانوں کا فرض ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ سپورٹس کی طرف آئیں اور اپنی صلاحیتوں کا لوہا دنیا بھر میں منوائیں، قبل ازیں ڈی جی سپورٹس کی آمد ر ان کا شاندار استقبال کیا گیا، ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور علاقائی رقص بھی پیش کیا گیا، کھلاڑیوں اور شائقین نے تالیاں بجا کر ان کا استقبال کیا، فائنل میچ کے اختتام پر ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ذوالفقار احمد گھمن اور مسز ذوالفقار احمد گھمن نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے، پنجاب انٹر ڈسٹرکٹ گرلز ہاکی ٹورنامنٹ بہاولپور نے گوجرانوالہ کو 4-3 سے شکست دیکر جیت لیا، میچ کا فیصلہ پنلٹی ککس پر ہوا۔

متعلقہ عنوان :