پاکستان میں اہلیت اور قابلیت کی بنیاد پر بچے ترقی حاصل نہیں کر رہے بلکہ سرمایہ و طاقت کی بدولت مخصوص طبقہ کے بچے اعلیٰ تعلیم و صحت کی سہولیات سے فائدہ لے رہے ہیں

رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کا ورلڈ چلڈرن ڈے کے سلسلے میں ملتان میں تقریب سے خطاب

اتوار 20 نومبر 2016 20:10

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 نومبر2016ء) ممبر قومی اسمبلی جمشید دستی نے کہا ہے کہ بچوں کا عالمی دن منانے کا مقصد یہ ہے کہ دنیا بھر کے بچوں کے حقوق کو تسلیم کرتے ہوئے انہیں درپیش مسائل کا عملی حل تلاش کیا جائے ۔ ہمارے ملک کے بچوں کو صحت و تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیل کود کے مواقع میسر نہیں ۔یہ امر قابل فکر ہے کہ پاکستان میں اہلیت اور قابلیت کی بنیاد پر بچے ترقی حاصل نہیں کر رہے بلکہ سرمایہ و طاقت کی بدولت مخصوص طبقہ کے بچے اعلیٰ تعلیم و صحت کی سہولیات سے فائدہ لے رہے ہیں ۔

اس وقت بھی 70 فیصد بچے تعلیم جیسے بنیادی حق سے محروم ہیں ، ہماری فرسودہ روایات ، ثقافت اور تعلیم کے مواقع نہ ہونا ان کی تعلیم کی راہ میں رکاوٹ ہے ۔ ان مسائل سے نجات حاصل کرنے کے لئے لازم ہے کہ ہم اپنے بچوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیمی سہولیات فراہم کریں اور اس سلسلے میں اپنے حق کے لئے ہر سطح پر آواز بلند کریں تاکہ ارباب اختیار اس ضمن میں سنجیدگی کا مظاہرہ کرسکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز روہی ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن ملتان کے زیر اہتمام شمع بناسپتی کے اشتراک سے بچوں کے عالمی دن کے حوالے سے منعقدہ سالانہ ’’ چلڈرن فیسٹیول 2016ئ؁ ‘‘ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر الگ الگ اظہار خیال کرتے ہوئے میجر R مجیب احمد خان ، ڈاکٹر فاروق لنگاہ ، شا ہد محمود انصاری،مسز آصفہ قریشی ،طارق فاروق ، جواد امین قریشی ، یاسمین خاکوانی ، عامر محمود نقشبندی اور صدف نایاب نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کی وجہ سے ماضی کی نسبت آج کا بچہ ترقی یافتہ دور کا باشعور بچہ ہے ۔

آج کے بچہ کو عدم برداشت ، دہشت گردی اور دیگر نامصائب حالات کا سامنا ہے جو اسے کمزور کررہے ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ سول سو سائٹی اور حکومت موثر انداز میں کام کریں ۔ پارلیمنٹ قانون سازی کا عمل تیز کرے اور قانون پر عملدرآمد کرنے والے ادارے سختی سے قوانین پر عمل کرائیں ۔ آج کے دن کا مطالبہ ہے کہ بچوں کو ایسا ماحول دیا جائے جہاں انہیں بلا امتیاز حقوق میسر ہوں اور کوئی طاقتور ان کا استحصال نہ کرے ۔

تقریب میں پاکستانی ثقافت کا مظاہرہ کرتے ہوئے بچوں نے ٹیبلو، ملی ترانے ، رقص اور خاکے پیش کرکے بیحد داد وصول کی ۔ اس موقع پرعبدالمطلب فرخ، ڈاکٹر باسط نواز، رئیس قادری ، ڈاکٹر روزینہ شیخ ، ڈا کٹر فوزیہ بشر،یحیی بھٹی ،آصف نذ یر،مر تضی مرزا،ایوب ،مس رابعہ ، غزالہ یاسمین سمیت بڑی تعداد میں خواتین و بچے موجود تھے ۔