صوبہ بھر میں ترقیاتی کام کرانے کا تہیہ کیا ہوا ہے، ضلعی اور تعلقہ ہیڈکوارٹرز کو اپ گریڈ کر کے انہیں خوبصورت بنایا جائیگا،وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ

اتوار 20 نومبر 2016 19:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 نومبر2016ء) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ انہوں نے صوبہ بھر میں ترقیاتی کام کرانے کا تہیہ کیا ہوا ہے اور ضلعی اور تعلقہ ہیڈکوارٹرز کو اپ گریڈ کر کے انہیں خوبصورت بنایا جائیگا۔ انہوں نے یہ بات وزیراعلیٰ ہائوس میں سیہون اور دادو تعلقہ سے آئے ہوئے معزیزین سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ وہ ترقیاتی اسکیموں پر خصوصی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ میر ی بھرپور کوشش ہے کہ ضلعی اے ڈی پی کے 25بلین روپے اور صوبائی اے ڈی پی کے 200بلین روپے بہتر طریقے سے استعمال کئے جائیں اور جاری ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وہ بخوبی اس بات سے آگاہ ہیں کہ دیہی علاقوں کے دیہاتوں ، تحصیلوں اور شہروں کو پانی کی فراہمی اور نکاسی آب کے نظام کی اشد ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

یہ دونوں اسکیمیں حکومت نے ڈسٹرکٹ اے ڈی پی، محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ، محکمہ بلدیات کے ذریعے ہاتھوں میں لی ہیں اور میری اب یہ کوشش ہے کہ انہیں صوبائی اے ڈی پی کے تحت بھی شروع کیا جائے ۔ وزیراعلیٰ سندھ نے معززین پر زور دیا کہ وہ اسکولوں کی کارکردگی کو ذاتی طور پر مانیٹر کریں اور آپ یہ لازمی طور پر دیکھیں کہ اساتذہ باقاعدگی کے ساتھ اسکول جاتے ہیں اور کلاسیں لیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر ایک فرد کہ چاہیے کہ وہ حکومت کے ساتھ تعلیم اور صحت کی خدمات کو بہتر بنانے کے لئے کوششوں میں ہر ممکن مدد کرے۔ سیہون کے معززین نے وزیراعلیٰ سندھ کی صوبے بشمول ہر ایک دیہات کی ترقی کے لئے کی جانے والی کاوشوں کو بھی سراہا۔ #

متعلقہ عنوان :