سندھ ورکرز کنونشن کرپٹ قیادت سے نجات اور اسلامی پاکستان کی منزل کو قریب کرنے میں اہم پیش رفت ثابت ہوگا، رہنماء جماعت اسلامی سندھ

اتوار 20 نومبر 2016 19:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 نومبر2016ء) جماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا ہے کہ باغ جناح کراچی میں ہونے والا سندھ ورکرز کنونشن کرپٹ قیادت سے نجات اور اسلامی پاکستان کی منزل کو قریب کرنے میں اہم پیش رفت ثابت ہوگا۔ امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق 25نومبر کو اجتماع گاہ کا خصوصی دورہ کریں گے، میڈیا ھر تنظیم وتحریک کیلئے بڑی اہمیت رکھتا ہے۔

اسلام وپاکستان سے محبت رکھنے والے افراد کو کنونشن کی کامیابی کیلئے میڈیا کے محاذ پر اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہئے تاکہ اسلامی انقلاب کی منزل قریب سے قریب تر ہوسکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قباء آڈیٹوریم میں منعقدہ سوشل میڈیا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر قیم صوبہ ممتاز حسین سہتو، امیرکراچی حافظ نعیم الرحمان، صوبائی نائب قیم عظیم بلوچ نے بھی خطاب کیا ، جبکہ صوبائی سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا، سوشل میڈیا کے انچارج ریاض احمد صدیقی اور وزیرعلی جمالی بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

انہوںنے مزید کہا کہ سوشل میڈیا کی اہمیت سے انکار کرنا ممکن ہی نہیں ہے،سوشل میڈیا بھی اسلامی انقلاب کی راہ ہموار کرنے کا ایک ذریعہ بن سکتا ہے،سندھ ورکرز کنونشن کا مقصد اسلامی تعلیمات پر عمل کرنا اور سندھ کے اندر سیکولر،لادینیت سے بیزاری کا اظہار کرنااور کراچی سے کشمور تک نوجوان نسل کو جماعت اسلامی کے دائرہ کار میں شامل کرنا ہے۔

ممتاز حسین سہتو نے کہا کہ ہر فرد کو اپنی تمام تر صلاحیتیں اس ورکرز کنونشن کی کامیابی کیلئے استعمال کرنی چاہیں ان تمام کوششوں کو مقصد صرف رضائے الٰہی ہونا چاہئے۔سندھ کا خطہ ولیوں اور صوفیوں کی سرزمین ہے جس میں شاہ عبداللطیف بھٹائی، سچل سرمست اور شاہ عنایت سمیت دیگر صوفیائے کرام شامل ہیں جنہوں نے سندھ دھرتی سے کفر کے نظام کو مٹاکر اسلام کے آفاقی نظام کو قائم کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا تھا۔

آج پھر سندھ کو لادینیت اور کرپٹ عناصر کے گٹھ جوڑ سے نجات دلانے کیلئے عوام کو جماعت اسلامی کے پلیٹ فارم پر جمع کرنے کیلئے ہم سندھ ورکرز کنونشن جیسا عظیم الشان اجتماع منعقد کرنے جارہے ہیں، امید ہے کہ یہ اجتماع سندھ میں تبدیلی کی نوید ثابت ہوگا۔ حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ میڈیا کے محاذ پر سرگرم نوجوان نسل کو اسلامی اقدار کی حفاظت اور دعوت کے فروغ کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔#