پاکستانی آٹو پارٹس مینو فیکچررز کو فیاٹ سے برآمدی آرڈرز ملنے کی توقعات

اتوار 20 نومبر 2016 19:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 نومبر2016ء)پاکستان ایسوسی ایشن آف آٹو موٹیو پارٹس اینڈ ایسیسریز مینو فیکچررز(پاپام) کے ایک اعلیٰ سطح وفد کی جانب سے دورہ امریکا اور معروف امریکی کار ساز ادارے فیاٹ کریسلر سے کامیاب بزنس ٹو بزنس ملاقاتوں کے بعد پاکستانی آٹو پارٹس مینو فیکچررز کو فیاٹ سے مختلف پارٹس کے برآمدی آرڈرز ملنے کی بھرپور توقعات ہیں۔

اس ضمن میں پاپام کے چیئرمین مشہود علی خان کا کہنا ہے کہ پاپام کے ایک اعلیٰ سطح وفد نے گزشتہ دنوں امریکا،جرمنی اور اٹلی کا کامیاب دورہ کیا جہاں امریکا میں معروف کار ساز ادارے فیاٹ کریسلرسے بزنس ٹو بزنس ملاقاتوں کے ساتھ ساتھ میونخ جرمنی میں منعقدہ الیکٹرانیکا آٹو موٹیو،میلان میں منعقدہ سالانہ موٹر سائیکل شو EICMAاور اٹلی کے شہر بولوگنامیں منعقدہ ایگری شوEIMAمیں شرکت بھی کی گئی۔

(جاری ہے)

پاپام کے چیئرمین مشہود علی خان نے بتایا کہ فیاٹ کریسلر آئندہ برس کار کا ایک نیا ماڈل متعارف کرارہی ہے جس کی ابتدائی پیداوار کا تخمینہ 20لاکھ سالانہ لگایا گیا ہے ،فیاٹ کریسلر کے حکام نے اس ضمن میں یقین دہانی کرائی ہے کہ اس کار کے مختلف پارٹس کیلئے پاکستانی آٹو پارٹس مینو فیکچررز کو موقع فراہم کیا جائیگا،ان کا کہنا تھا کہ فیاٹ کریسلر حکام نے اس بات کو تسلیم کیا کہ پاکستان میں تیار ہونے والے آٹو پارٹس کا معیار چین اور بھارت سے کہیں بہتر ہے،مشہود علی خان کا کہنا تھا کہ ہم مقامی آٹو پارٹس کی برآمد کیلئے نئی مارکیٹیں تلاش کرنے کے مشن پر ہیں ۔#