شمالی چین اور بیجنگ میں شدید برفباری ،کاروبار زندگی معطل ،ہائی وے پر مختلف مقامات پر شدید ٹریفک جام

یغور کی اکائونٹی میں10 چرواہے 500مویشیوں سمیت پہاڑوں میں پھنس گئے ریسکیو اہلکاروں نے پولیس کی مدد سے بچا لیا بیجنگ میں بارش اور برفباری کا سلسلہ چالیس گھنٹے تک جاری رہنے کی پیشنگوئی، درجہ حرارت منفی دس درجے سیلسیس تک گرگیا

اتوار 20 نومبر 2016 18:10

بیجنگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 نومبر2016ء) شمالی چین میں شدید برف باری کے باعث کاروبار زندگی معطل جبکہ ہائی وے پر مختلف مقامات پر شدید ٹریفک جام ہوگیا۔ شمالی چین کے خود مختار علاقوں منگولیا ، یغور اور سنکیانگ میں جمعہ کو سرد ہواؤں کیساتھ برف باری کا سلسلہ شروع ہوا جس کے زیر اثر بیس سینٹی میٹر برف پڑی اور وسیع علاقے نے سفید چادر تان لی۔

وقفے وقفے سے جاری رہنے والی برفباری سے ہائی وے پر مختلف مقامات پر ٹریفک جام ہوگیا اور دس ایکسپریس ویز کو بند کرنا پڑا۔ ہائی وے بند ہونے سے انٹر سٹی بس سروس بند ہو گئی۔ یغور کی کاؤنٹی فویون میں برفباری کے باعث دس چرواہے پانچ سو مویشیوں سمیت پہاڑوں میں پھنس گئے جنہیں ریسیکو اہلکاروں نے پولیس کی مدد سے بچا لیا۔

(جاری ہے)

سردی کی شدید لہر کے باعث بیجنگ کے بعض حصوں میں اتوار کو علی الصبح سے برف باری ہو رہی ہے ۔

بیجنگ کی موسمیاتی رسدگاہ کے مطابق شہر کے نواحی قصبہ ماہی یوآن میں صبح سات بجے سے بارش اور برف باری شروع ہوئی جو صبح9:36پر برف باری میں تبدیل ہو گئی ۔ شہر کے ہوائرو قصبے میں بھی صبح ساڑھے نو بجے سے برف باری شروع ہوگئی ۔ توقع ہے کہ شہر کے بیشتر حصے میں رات آٹھ بجے کے بعد برف باری ہوگی اور تازہ گرتی برف دیکھنے کا بہترین وقت پیر کی صبح کو ہوگا۔

پیشنگوئی کی گئی ہے بارش اور برف باری کا سلسلہ چالیس گھنٹے سے زیادہ دیر تک رہے گا جبکہ شہر کے مغربی اور شمالی علاقوں کے لئے ممکنہ شدید برفانی طوفان کا امکان ہے ۔ برفباری کے بعد شہر کے درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوگی اور درجہ حرارت کم از کم منفی دس ڈگڑی سیلسیس تک گر جائے گا۔ بیجنگ کے میونسپل ماحولیاتی مانیٹرنگ سینٹر نے کہا کہ برفباری کے باعث سموگ ختم ہو جائے گی اور اتوار سے منگل تک فضائی کوالٹی اچھی ہوگی ۔