بھارت ، باغیوں کے حملے میں 3 بھارتی فوجی اہلکار ہلاک، 4 زخمی ہوگئے

باغی جنگجوئو ں نے جھاڑیوں اور درختوں سے گھرے علاقے میں گھات لگا کرفوجی قافلے پر حملہکیا،پولیس حکام

اتوار 20 نومبر 2016 15:50

گوہاٹی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 نومبر2016ء) بھارت کی شمال مشرقی ریاست آسام میں باغیوں کے حملے میں 3 بھارتی فوجی اہلکار ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے۔بھارتی میڈیا کے مطابق سینیئرریاستی پولیس آفیسر نے بتایا ہے کہ 2 گاڑیوں پر مشتمل بھارتی فوج کا قافلہ ریاست آسام کے ضلع تینسوکیا کے علاقے ڈگبوئی میں موجود تیل ریفائنری کی طرف جا رہا تھا کہ باغی جنگجوئو ں نے جھاڑیوں اور درختوں سے گھرے علاقے میں گھات لگا کر قافلے پر حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں 3 بھارتی جوان ہلاک جب کہ 4 زخمی ہوگئے۔

مقامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق حملہ آوروں نے راکٹ لانچرز سمیت اے کے 47 جیسے ہتھیاروں کا استعمال کیا۔بھارتی فوج کے قافلے پر حملے کی ذمہ داری تاحال کسی بھی گروپ نے قبول نہیں کی ہے،مگر پولیس کو شک ہے کہ گھات لگاکر حملے کرنے کی کارروائی میں ریاست کا علیحدگی پسند گروپ یونائیٹڈ لبریشن فرنٹ آف آسام(الفا) ملوث ہوسکتا ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ یونائیٹڈ لبریشن فرنٹ آف آسام کا شمار بھارت کے ان علیحدگی پسند گروپوں میں ہوتا ہے،جو کئی سالوں سے اپنی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں، گزشتہ33 سالوں سے حکومت کے خلاف علیحدگی کی جنگ لڑنے والی اس جنگجو تنظیم کا مقف ہے کہ آسام تیل اور چائے کی کاشت سمیت دیگر ذخائر سے مالا مال ریاست ہے ، اور اس پر ان کا حق تسلیم کرکے انہیں آزادی دی جائے ۔

یونائیٹڈ لبریشن فرنٹ آف آسام نے 2011 میں علیحدگی پسند تحریک کو ختم کرکے حکومت کے ساتھ امن مذاکرات کرنے کا اعلان بھی کیا تھا ، علیحدگی پسند ایک اور دھڑے نیشنل ڈیموکریٹک فرنٹ آف بوڈولینڈ (این ڈی ایف بی) نے بھی حکومت کے خلاف جنگ بندی کا اعلان کیا تھا۔پولیس کے مطابق دونوں گروپوں کے کچھ عناصر کی جانب سے امن معاہدوں اور جنگ بندی کی مخالفت کے بعد ریاست میں بم دھماکوں اور حملوں کے واقعات بڑھ گئے ہیں، رواں برس اگست میں نیشنل ڈیموکریٹک فرنٹ آف بوڈولینڈ کے 6 ہتھیار بندوں نے ایک بازار میں فائرنگ کرکے 15 افراد کو ہلاک اورکئی لوگوں کو زخمی کردیا تھا۔

گزشتہ 2 دہائیوں میں علیحدگی پسند دھڑوں کی کارروائیوں اور شورش کی وجہ سے ریاست آسام میں 10 ہزار افراد ہلاک ہوچکے ہیں،جن میں اکثریت عام لوگوں کی ہے۔

متعلقہ عنوان :