بھارت میں چلتی ٹرین میں خاتون کے ساتھ جنسی زیادتی کا واقعہ سامنے آگیا

بہار کی رہائشی 32 سالہ خاتون کو مبینہ طور پر چلتی ٹرین میں زیادتی کانشانہ بنایا گیا ،ملزم گرفتار

اتوار 20 نومبر 2016 15:50

پٹنہ /نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 نومبر2016ء) بھارت میں چلتی ٹرین میں خاتون کے ساتھ جنسی زیادتی کا واقعہ سامنے آگیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست بہار کی رہائشی 32 سالہ خاتون کو مبینہ طور پر چلتی ٹرین میں زیادتی کانشانہ بنا یا گیا۔ واقعہ شاہدرہ اور پرانی دہلی کے ریلوے سٹیشنوں کے درمیان پیش آیا۔ پانچ خواتین ٹرین میں سفر کر رہی تھیں جن میں سے 4 شاہدرہ ریلوے سٹیشن پر اتر گئیں اور اسی دوران وہاں سے 3 مرد اسی بوگی میں سوار ہو گئے۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق ان میں سے دو افراد خاتون کا پرس چھین کر فرار ہو گئے جبکہ ایک شخص نے اسے زیادتی کا نشانہ بنانے کی کوشش کی اور اس پر تشدد بھی کیا۔ بعد ازاں دو پولیس والے ٹرین پر سوار ہوئے تو انہوں نے دیکھا کہ ایک شخص خاتون کیساتھ زیادتی کی کوشش کر رہا ہے اور خاتون مزاحمت میں مصروف ہے۔پولیس والوں نے خاتون کو حفاظتی تحویل میں لے کر مرد کو گرفتار کر لیا اور پھر دونوں کو ہسپتال لے جایا گیا۔ ذرائع کے مطابق ملزم کی شناخت شہباز کے نام سے ہوئی ہے جس کی عمر 25 سال ہے اور اس کے خلاف مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے جبکہ خاتون خاندان کی ایک تقریب میں شرکت کیلئے دہلی سے آئی تھی۔واضح رہے کہ بھارت میں خواتین کے ساتھ جنسی زیادتی کے واقعات میں روزبروز اضافہ ہو رہا ہے ۔

متعلقہ عنوان :