پارلیمانی سیکرٹری خزانہ نے تین سال میں معاشی ترقی کے اعداد و شمار جاری کردئیے

تین سالوں میں بیرونی سرمایہ کاری854ملین ڈالر سے بڑھ کر11,281ملین ڈالر جبکہ فی کس آمدنی 1338ڈالر سے بڑھ کر 1561ڈالرہوگئی۔ زرمبادلہ کے ذخائر 11ارب ڈالر سے 24ارب ڈالر تک پہنچ گئے ، دنیا بھر کے سروے پاکستان کی ترقی ظاہر کررہے ہیں دھرناسیاست سے اربوں روپے کا نقصان ہونے کے باوجود معاشی ترقی حکومت کے بہترین اقدامات کا نتیجہ ہے،بابر حسین

اتوار 20 نومبر 2016 14:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 نومبر2016ء) صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے خزانہ رانا بابرحسین نے کہا ہے کہ تین سالوں میں پاکستان نے تیزی سے معاشی ترقی کی ۔2013میں بیرونی سرمایہ کاری کا کل حجم صرف854ملین ڈالر تھا جو اب11,281ملین ڈالر تک تجاوز کرچکا ہے اس سرمایہ کاری کی وجہ سے بیروز گاری کی شرح میں کمی ہوئی ہے جو اب6.2فیصد سے کم ہوکر 5.9تک آگئی ہے ۔

خام ملکی پیداوار میں مسلسل اضافہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ہماری معیشت کی شرح نمو میں بتدریج اضافہ ہورہا ہے ، 2013میں جی ڈی پی میں اضافہ کی شرح3.6فیصد تھی اور توقع ہے کہ 2016میں یہ شرح4.7تک پہنچ جائے گی اس وجہ سے پاکستان کی فی کس آمدنی میں اضافہ بھی ہوسکتا ہے ،2013میں ہماری فی کس آمدنی 1338ڈالر تھی جو اس وقت1561ڈالر ہوچکی ہے ،انہوں نے کہاکہ توانائی کے بحران کے خاتمہ کے لئے حکومت جو اقدامات کررہی ہے اس کی تحسین کی جانی چاہیے ،اندھیر ختم ہونے سے پاکستان معاشی طو ر پر مضبوط ہوگا،یہاں سرمایہ کاری میں غیر معمولی اضافہ ہونے سے روزگارکے نئے مواقع پیدا ہوں گے، انہوں نے کہاکہ زرمبادلہ کے ذخائر 11ارب ڈالر سے 24ارب ڈالر تک پہنچ چکے ہیں۔

(جاری ہے)

دنیا بھر کے سروے پاکستان کی ترقی ظاہر کررہے ہیں۔ ماہرین معاشیات نے تین سالوں میںریکارڈ کی سند دی ہے۔ ہم سب کو مل کر پاکستان کی ترقی کے لئے کوشش کرنی چاہیے ، پاکستان کی ترقی ہی ہماری ترقی ہے ،پاکستان دنیا بھر میں ہماری پہچان ہے اس کی ترقی اور خوشحالی کے لئے دن رات کام کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ معاشی ترقی میں اضافہ حکومت تاجر دوست پالیسی کا نتیجہ ہے ۔

کسان پیکج ،پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ،دیہی روڈ پروگرام اور پاک چائنا اکنامک کاریڈور معاشی ترقی کا سفرتیز ہوگیا ً کئی سالوں سے رکی سیاحت کا دوبارہ آغاز ہوگیا ہے۔ معاشی ترقی کا متعین شدہ ہدف حاصل کرنے کے لیے ہم اپنی مقامی پیداوار اور برآمدات میں اضافے پر توجہ خصوصی توجہ دے رہے ہیں ۔ اس ضمن میں حکومت پنجاب اپنی بہترین خدمات سرانجام دے رہی ہے۔

کسان پیکج ،پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ،دیہی روڈ پروگرام اور پاک چائنا اکنامک کاریڈور سے متعلق سرگرمیاں اسی سلسلے کی مختلف کڑیاں ہیں۔اس کے علاوہ اہم پروجیکٹس میںبیرونی سرمایہ کاروں کی دلچسپی بڑھانے کہ لیے پہلے خود سرمایہ کاری کرنے کی کامیاب حکمت عمل بھی لائق تحسین ہے۔ وزیر اعلی پنجاب صوبے کو کاروباری حضرات کے لیے پرکشش بنانے کے لیے بہترین انفراسٹریکچر اورمحفوظ ماحول فراہم کر رہے ہیں۔

آج ہمارے ہوٹل سرمایہ کاروں سے بھرے ہوئے ہیں ۔بیرونی دنیا ہم پر اعتماد کر رہی ہے ایسے میںاپنے سٹیک ہولڈز کا تعاو ن ہمارے لیے بہت اہم ہے یہی وجہ ہے کہ حکومت ان کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن قدم اٹھانے کے لیے تیار ہے ۔تاہم انفراسٹریکچر ڈویلپمنٹ سیس کی وصولی میں پنجاب حق بجانب ہے کیونکہ اس کے عوض وہ تاجروں کو متعلقہ سہولیات بھی فراہم کر رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کے دھرنے کی وجہ سے ملک کو اربوں روپے کا نقصان ہوا لیکن اس کے باوجود معاشی ترقی بہترین حکومتی اقدامات کا نتیجہ ہے ، عمران خان نے معاشی ترقی میں رکاوٹ ڈالنے کی بہت کوشش کی مگر ان کی یہ کوشش کامیاب نہ ہوسکی