اپیک ممالک مربوط ترقی کیلئے رابطوں کو فروغ دیں

ترقی کا سب کو مساوی فائدہ پہنچنا چاہئے ،چینی صدر کا لیما کانفرنس سے خطاب

اتوار 20 نومبر 2016 14:10

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 نومبر2016ء) چین کے صدر شی چن پھنگ نے کھلی اور مربوط معیشت کے فروغ پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اپیک ممالک کو مربوط ترقی کیلئے رابطوں میں اضافہ کرنا چاہئے اور باہمی مفادات میں تعاون کو ترقی دینے کیلئے مضبوط شراکت داری قائم کرنی چاہئے ، علاقائی تجارتی انتظامات میں بھرپور مدد حاصل کرنے کیلئے یہ ضروری ہے کہ وہ کھلے اور سب کیلئے فائدہ مند ہو ں ، محدود اور مخصوص انتظامات کوئی درست چوائس نہیں ہے ۔

ان خیالات کا اظہار چینی صدر شی چن پھنگ نے ایشیاء بحرالکاہل اقتصادی تعاون (اپیک )کانفرنس لیما میں خطاب کرتے ہوئے کیا ۔چینی صدر نے اپنے خطاب میں کہا کہ اپیک ممالک کو ترقی حاصل کرنے اور پیداوار بڑھانے کیلئے تجارت و سرمایہ کاری پر توجہ دینی چاہئے اور فری تجارتی انتظامات کو مزید کھلا اور وسیع ہونا چاہئے اور اسے خطے میں کثیر الجہت تجارتی ہونا چاہئے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عالمی معیشت ایک دو دھاری تلوار ہے ،ان دنوں شکوک و شبہات موجود ہیں اور کوئی بھی یہ یقین نہیں کرتا کہ عالمی معیشت سب کو فائدہ پہنچا سکتی ہے تا ہم ہمیں ضرورت ہے کہ ہم اس سلسلے میں فعال رہنمائی فراہم کریں ،مساوات اور انصاف کو فروغ دیں تا کہ لوگوں کو مساوی طورپر فائدہ پہنچ سکے ۔چینی صدر نے اس بات پر زور دیا کہ اپیک کانفرنس 2014ء بیجنگ کانفرنس اور ستمبر میں چین کے شہر ہانگ زو میں منعقد ہونیوالی جی 20-کانفرنس میں طے پانیوالے معاملات پر پورے طورپر عمل کیا جائے ۔