چین کولمبیا میں امن کوششوں کی حمایت کرتا ہے

دونوں ممالک کو آپس میں مدد اور تعاون کرنا چاہئے ،چینی صدر کولمبیا ہرشعبے میں چین کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے، کولمبین صدر

اتوار 20 نومبر 2016 14:10

لیما (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 نومبر2016ء) چین کے صدر شی چن پھنگ نے کہا ہے کہ وہ کولمبیا میں قیام امن کی کوششوں کی بھرپور حمایت کرتا ہے ،چین کولمبیا کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتا ہے اور دوطرفہ تعلقات کو اعلیٰ سطح تک لے جانے کا خواہش مند ہے ، اس بات سے قطع نظر کہ قومی ترقی کے میدان میں دونوں ملک نازک دور سے گزررہے ہیں تا ہم دونوں ممالک کو ایک دوسرے کی مدد اور تعاون کرنا چاہئے ، اعلیٰ سطح پر تبادلہ خیال قریبی رابطوں اور سرکاری اور پارٹی کی سطح پر رابطے برقرار رہنے چاہئیں ،صدر شی نے ان خیالات کا اظہار کولمبیا کے صدر جان مینوئل سنتوش کے ساتھ ایشیاء بحرالکاہل اقتصادی تعاون اجلاس کے موقع پر ایک ملاقات میں کیا ۔

صدر شی نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کو عملی تعاون میں توسیع دینی چاہئے اور بڑے منصوبوں پر تعاون کی کوششوں کو مزید آگے بڑھانا چاہئے کیونکہ ترقی دونوں ملکوں کے مفاد میں ہے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کولمبیا کے صدر نے کہا کہ چین ان کا بہترین دوست ہے اور وہ امن کی کوششوں میں چینی تعاون کو سراہتے ہیں ، کولمبیا معیشت ، تجارت ،بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کے علاوہ دیگر شعبوں میں بھی چین کے ساتھ تعاون کادائرہ وسیع کرنا چاہتا ہے ، کولمبیا لاطینی امریکہ اور چین کے تعلقات کی بھرپور حمایت کرتا ہے اور چین کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے ۔

متعلقہ عنوان :