عراق کے شہر موصل میں ایک اور اجتماعی قبر دریافت،40افراد کی لاشیں برآمد

بیشتر لاشیں عراقی فوج اور پولیس اہلکاروں کی ہیں جنہیں داعشی جنگجوں نے موت کے گھاٹ اتارنے کے بعد دبا دیا تھا،حکام

اتوار 20 نومبر 2016 14:10

بغداد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 نومبر2016ء) عراقی فوج نے موصل میںد اعش کے خلاف جاری آپریشن کے دوران ایک اور اجتماعی قبر دریافت کرلی جس سے 40افرا دکی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق عراقی وزارت داخلہ کے زیراہتمام ایلیٹ فورسز نے جمعہ کو موصل میں داعش کے گڑھ سے کوئی 10 کلو میٹر دور تل الذھب قصبے کا کنٹرول سنھبالا تھا۔

فورسزنے تلاشی کی کارروائیوں کے دوران انکشاف کیا کہ داعشی جنگجوں نے دسیوں افراد کو قتل کرکے ایک اجتماعی قبر میں دفن کررکھا ہے۔تلاشی کے دوران اجتماعی قبر کا سراغ اس وقت ملا جب فوج کو ایک جگہ شہریوں کے کپڑے، جوتے اور ہڈیاں دکھائی دیں۔ انہوں نے وہاں کھدائی کی تو ایک اجتماعی قبر برآمد ہوئی۔ اجتماعی قبر سے نکلنے والی بدبو سے اندازہ ہوتا ہے کہ یہ زیادہ پرانی نہیں ہے۔

(جاری ہے)

عراقی وزارت داخلہ کے ایک ذریعے کا کہنا ہے کہ اجتماعی قبر سے 40 مقامی باشندوں کی لاشوں کا پتا چلا ہے۔ جب کہ فوج کے ایک عہدیدار یحیی جمعہ بتایا کہ بیشتر لاشیں عراقی فوج اور پولیس اہلکاروں کی ہیں جنہیں اجتماعی طور پر داعشی جنگجوں نے موت کے گھاٹ اتارنے کے بعد یہاں دبا دیا تھا۔ عینی شاہدین نے بھی چالیس لاشوں کی موجودگی کی تصدیق کی ہے۔خیال رہے کہ دہشت گرد تنظیم داعش کے زیرتسلط علاقوں سے اجتماعی قبروں کا ملنا اب معمول بن گیا ہے۔ حال ہی میں موصل کے قریب حمام العلیل کی مقام سے ملنے والی اجتماعی قبر میں سیکڑوں افراد کو اجتماعی طور پر دفن کیے جانے کا انکشاف کیا گیا تھا۔

متعلقہ عنوان :