ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہوٹلز / ریسٹورنٹس اور دیگر فوڈ سنٹرز کو حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق بنانے کے لئے پندرہ دسمبر تک مہلت

اتوار 20 نومبر 2016 13:40

فیصل آباد۔20 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2016ء) ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی نور الامین مینگل نے ہوٹلز / ریسٹورنٹس اور دیگر فوڈ سنٹرز کو حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق صفائی ستھرائی اور دیگر ضروری امور بہتر بنانے کے لئے پندرہ دسمبر تک مہلت دی ہے اور کہا ہے کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کامقصد غذائی معاملات کی اصلاح ہے تاکہ شہریوں کی صحت کا تحفظ کیا جا سکے،انہوں نے فیصل آباد کے دورہ کے دوران ڈی سی او آفس میں سرپرست حاجی محمد اسلم بھلی کی زیر قیادت سپریم انجمن تاجران کے وفد سے ملاقات کی اور انہیں بتایا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کے ویژن کے مطابق ملاوٹ مافیا کے خاتمے اور خالص ‘ صاف ستھری اور معیاری غذا کی فراہمی کے لئے پنجاب فوڈ اتھارٹی ایک حقیقت بن چکی ہے جو اصلاح کے ساتھ ساتھ شہریوں کی صحت سے کھیلنے والوں کے خلاف بھر پور ا یکشن لے کر صحت مند معاشرے کو پروان چڑھانے میں اپنا فعال کردار ادا کرے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہوٹلز/ ریسٹورنٹس / فوڈ سنٹرز کے مالکان اوردیگر تاجروں کے تحفظات کو دور کرتے ہوئے کہا کہ غذائی اشیاء کے تاجروں و دکانداروں کی ساکھ اور وقار میں اضافہ کریں گے ۔ انہیں فوڈ سیفٹی افسران کی طرف سے مشاورتی رہنمائی فراہم کی جائے گی جس کی روشنی میں وہ فوڈ ایکٹ کے تحت درکار تقاضوں کے مطابق اصلاح کر سکیں گے۔اس ضمن میں کوئی بھی فوڈ فیکٹری / ہوٹلز / ریسٹورنٹس اور غذائی اشیاء کا کاروبار کرنے والے افراد پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مقامی افسران کو معاملات چیک کرنے کے لئے درخواست دے سکتے ہیں تاہم ملاوٹ مافیا کے خلاف اپریشن بھر پور انداز میں جاری رہے گا جبکہ زائد المعیاد ‘ جعلی ‘ ناقص اور غیر معیاری اشیاء کو فوری طور تلف کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ ریٹائرڈ فوجیوں کی خدمت حاصل کرکے ویجلنس ونگ بنایا جارہا ہے جو ملاوٹ مافیا کے ٹھکانوں کاسراغ لگانے کے علاوہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کے سٹاف پر بھی گہرے نظر رکھیں گے تاکہ کسی قسم کی عنوانی یا بدنظمی کا احتمال نہ رہے۔انہوں نے تاجروں دکانداروں ‘ ہوٹلز / ریسٹورنٹس مالکان کی آگاہی کے لئے سیمینار کے انعقاد کے علاوہ معلوماتی پمفلٹس تقسیم کرنے کا پروگرام وضع کرنے کی ہدایت کی ۔

ایم این اے میاں عبدالمنان نے صحت عامہ کے تحفظ کے لئے پنجاب فوڈ اتھارٹی کے دائرہ کو وسیع کرنے کے سلسلے میں حکومت پنجاب کے اقدامات کو سراہا اور کہا کہ تاجروں کے وقار اور ان کے احترام کو برقرار رکھنے کے لئے باہمی اعتماد کا رشتہ مضبوط کیا جائے اور کالی بھیڑوں کا مل جل کر صفایا کریں گے۔ایم پی اے حاجی خالد سعید نے کہا کہ ملاوٹ سے پاک،معیاری خوراک کی فراہمی اور تحفظ صحت کے لئے وزیر اعلی پنجاب کے ویژن کو کامیابی سے ہمکنار کیا جائے گا لہذا ملاوٹ مافیا کے قلع قمع کے لئے تاجروں سمیت معاشرے کے تمام طبقات کا تعاون ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی کی عزت نفس مجروح نہیں ہونے دیں گے تاہم انسانی صحت کے دشمنوں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے ۔ایم پی اے حاجی الیاس انصاری نے کہا کہ حکومت پنجاب ملاوٹ مافیا کے خاتمہ کا پختہ عزم رکھتی ہے اورمشترکہ جدوجہد سے انسانی صحت کے ان دشمنوں کو کیفرکردار تک پہنچائیں گے۔وائس چیئرمین واسا عرفان منان نے کہا کہ غذائی اشیاء میں ملاوٹ و جعلسازی کے خاتمے اور صاف ستھرے ماحول میں معیاری کھانوں کی فراہمی کیلئے حکومت پنجاب کے اقدامات کو درست سمت لے کر چلیں گے تاکہ کامیاب نتائج حاصل ہونگے ۔

سرپرست سپریم انجمن تاجراں حاجی محمد اسلم بھلی نے اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فوری طور پر جرمانوں اور دکانوں / ہوٹلز کو سیل کرنے کی بجائے فوڈ ایکٹ کے تحت شرائط اور درکا تقاضوں کے سلسلے میں آگاہی فراہم کی جائے ۔ انہوں نے ملاوٹ مافیا کے خاتمے کے لئے اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا ۔ بعدازاں ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی نور الامین مینگل نے خواجہ شاہد رزاق سکا کی قیادت میں انجمن تاجران سٹی کے وفد سے ملاقات کی اور انہیں ہوٹلز / ریسٹورنٹس اور فوڈ سنٹر کی انسپکشن کے طریقہ کار سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ غذائی اشیاء کی چیکنگ کے ساتھ آگاہی پروگرام کا سلسلہ بھی جاری رہے گا ۔

انہوں نے بتایا کہ اشیائے خورو نوش میں بڑے پیمانے پر ملاوٹ کرنے والے ٹھکانوں کی نشاندہی پر اطلاع دھندہ کو حکومت پنجاب کی طرف سے پانچ لاکھ روپے انعام دیا جائے گا۔خواجہ شاہد رزاق سکا ‘ محمود عالم جٹ ‘ ملک یعقوب اعوان و دیگر نے کہا کہ وہ ملاوٹ مافیا کے خلاف جہاد میں فعال کردار ادا کریں گے ۔

متعلقہ عنوان :