ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماوں کیخلاف وال چاکنگ کا سلسلہ جاری

اتوار 20 نومبر 2016 13:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 نومبر2016ء) کراچی کے مختلف علاقوں میں ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماوں کیخلاف وال چاکنگ کا سلسلہ جاری ہے، نامعلوم افراد کی جانب سے کی گئی چاکنگ میں خواجہ اظہار الحسن کو نشانہ بنایا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں ایک بار پھر وال چاکنگ کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، حال ہی میں کی گئی چاکنگ میں اپوزیشن لیڈر سندھ خواجہ اظہار الحسن کو خصوصی طور پر نشانہ بنایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

نامعلوم افراد کی جانب سے وال چاکنگ نارتھ کراچی، فیڈرل بی ایریا، ایف سی ایریا، بلدیہ ٹاؤن سمیت مختلف علاقوں میں کی گئی ہے جس میں ایم کیو ایم پاکستان اور اٴْن کے سربراہ کو غدار کہا گیا ہے جبکہ خواجہ اظہار کے لیے بھی اسی قسم کے الفاظ استعمال کیے گئے ہیں۔وال چاکنگ میں منتخب نمائندوں سے استعفے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے جبکہ نامعلوم افراد نے بانی تحریک کے حق میں بھی شہر کے مختلف علاقوں کی دیواروں پر نعرے تحریر کیے ہیں۔خیال رہے کراچی میں گزشتہ ماہ سے وال چاکنگ کی سیاست زوروں پر ہے، قبل ازیں اسکیم 33 اور گلشن اقبال کے علاقوں میں فیصل سبزواری کے خلاف چاکنگ کی گئی تھی بعد میں نامعلوم افراد نے سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے حق میں نعرے درج کیے تھے۔