کر اچی ،چہلم حضرت امام حسین کے جلوس اور مجالس کی سکیورٹی کا پلان تشکیل

موٹر سائیکل کی ڈبل سوار ی پر پابندی کا اطلاق شروع

اتوار 20 نومبر 2016 13:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 نومبر2016ء)کراچی میں چہلم حضرت امام حسین کے جلوس اور مجالس کی سکیورٹی کا پلان تشکیل دے دیا گیا ہے،موٹر سائیکل کی ڈبل سوار ی پر پابندی کا اطلاق شروع ہو گیا ہے جبکہ صوبہ بھر میں موبائل فون سروس21نومبر کو دن12سے رات10 بجے تک بند رہنے کا امکان ہے۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں چہلم حضرت امام حسین کے جلوس اور مجالس کی سکیورٹی کا پلان تشکیل دے دیا گیا ہے۔

پانچ ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات ہونگے۔ جلوس کے راستے کو بم ڈسپوزل اسکواڈ سے بھی چیک کرایا جائے گا۔کراچی میں چہلم حضرت امام حسین کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے دوپہر ایک بجے برآمد ہوگا۔ جلوس کی سکیورٹی کے لئے 5 ہزار اہلکار تعینات ہونگے۔آئی جی سندھ کے مطابق مجالس اور جلوسوں کے روٹس کی نگرانی، سوئپنگ اور اسکیننگ کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

بلند عمارتوں پر اسنائپرز کی تعیناتی اور نشترپارک کے اطراف واچ ٹاورز کے ذریعے کڑی نگرانی کی جائے گی۔چہلم حضرت امام حسین کے لئے پولیس نے ٹریفک پلان بھی ترتیب دے دیا ہے۔ ٹریفک کو ایم اے جناح روڈ پر داود پوتا روڈ سے سولجر بازار کی طرف موڑا جائے گا۔ناظم آباد سے آنے والے ٹریفک کو لسبیلہ سے نشتر روڈ کی طرف بھیجا جائے گا۔ لیاقت آباد سے آنے والے شہری پیپلز چورنگی سے کوریڈور تھری استعمال کر سکیں گے۔

چہلم سیدنا حسین رضی اللہ عنہ پر سیکورٹی کے لیے اتوار اور پیر کی درمیانی رات 12 بجے سے ایم اے جناح روڈ ٹریفک کے لیے بند کردیاجائیگا۔حضرت امام حسین اور شہدائے کربلا کے چہلم کے موقع پر ملک کے مختلف شہروں میں موبائل فون سروس بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزارت داخلہ کے ذرائع کے مطابق چہلم حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے موقع پر اکیس نومبر کو ملک کے مختلف حصوں میں موبائل فون سروس بند کی جائیگی۔

صوبہ سندھ میں موبائل فون سروس دن بارہ سے رات دس بجے تک بند رہنے کا امکان ہے۔دوسری جانب موٹر سائیکل کی ڈبل سوار ی پر پابندی کا اطلاق شروع ہو گیا ہے۔حکومت سندھ نے چہلم حضرت امام حسینکے موقع پر شہر بھر میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر 2 روز کے لیے پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا، جس کا نوٹیفکیشن بھی 2روز قبل جاری کردیا گیا ہے۔محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق ڈبل سواری پر پابندی 20 اور 21 کو ہوگی، جو چہلم کے موقع پر شہر میں امن وامان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے لگائی گئی ہے۔

نوٹی فکیشن کے مطابق بزرگ، صحافی، خواتین، بچے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار ڈبل سواری پر پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔پولیس حکام نے عوام سے ڈبل سواری پر پابندی کی پاسداری کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔