شامی فوج کی حلب پر بمباری ،56افراد ہلاک،150زخمی، اقوام متحدہ کااظہا ر تشویش

48گھنٹوں کے دوران بمباری کے باعث درجنوں بچوں اور خواتین سمیت 118افراد ہلاک ہوچکے ہیں

اتوار 20 نومبر 2016 13:30

دمشق(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 نومبر2016ء) شامی فوج کے فضائی اور زمینی حملوں میں شدت آ گئی،شمالی شہر حلب پر بمباری کے نتیجے میں56افراد ہلاک اور150 زخمی ہوگئے، بمباری پر اقوام متحدہ نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق شام کی سرکاری فوج نے گزشتہ روز بھی حلب میں باغیوں کے زیر قبضہ مشرقی علاقوں پر تابڑ توڑ بمباری کا سلسلہ جاری رکھا۔

تازہ بمباری میں 56افراد کی ہلاکت کی اطلاعات ملی ہے، جبکہ 150سے زائد زخمی ہوگئے ہیں،48گھنٹوں کے دوران ہونے والی بمباری کے باعث درجنوں بچوں اور خواتین سمیت 118افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔اس دوران مشرقی علاقوں میں کام کرنے والے اسپتال اور طبی مراکز کی انتظامیہ نے بمباری کے خوف سے کام بندکردیا ہے۔شامی فوج کی طرف سے حلب پر حملوں کا سلسلہ منگل کے روز بحال کیا گیا جس کے دوران بچوں کے اسپتال سمیت متعدد اسپتالوں اور طبی مراکز کو نشانہ بنایا گیا، حلب پر جاری بمباری پر اقوام متحدہ نے تشویش کا اظہار کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

امدادی ادارے وائٹ ہیلمٹس کا کہنا ہے کہ باغیوں کے زیر قبضہ حصے میں جان بوجھ کر اسپتالوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ جس سے تمام اسپتال اور کلینکس تباہ ہو چکے ہیں۔ روس اور شام نے باغیوں سے حلب کو آزاد کرانے کے لیے کئی مہینوں سے شہر کا محاصرہ کر رکھا ہے۔

متعلقہ عنوان :