فیصل آباد سمیت ملک بھر میں شاہرات پر ٹریفک حادثات کا شکار ہونے والے افراد کا عالمی دن کل بھر پور طریقے سے منایا جائیگا

اتوار 20 نومبر 2016 13:10

فیصل آباد۔20 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2016ء) فیصل آبا د سمیت ملک بھر میں شاہرات پر ٹریفک حادثات کا شکار ہونے والے افراد کا عالمی دن کل 22نومبر بروزمنگل کو بھر پور طریقے سے منایا جائیگا۔ اس موقع پرٹریفک پولیس پنجاب ، سٹی ٹریفک پولیس فیصل آباد ، روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی، سٹیزن پولیس لائژان کمیٹی، پنجاب ہائی وے پٹرولنگ پولیس، نیشنل ہائی وے اینڈ موٹر وے پولیس ، ڈرائیونگ سکولز ایسوسی ایشن فیصل آباد، مختلف این جی اوز ، ریسکیو 1122اور بعض دیگر اداروں کے اشتراک سے مختلف مقامات پر کانفرنسز ، سیمینارز، واکس ، مذاکروں ، مباحثوں اور دیگر پروگرامات کا بھی انعقادکیا جائیگا جس سے ٹریفک پولیس کے حکام اور دیگر مقررین خطاب کریں گے۔

سٹی ٹریفک پولیس فیصل آباد کے ترجمان نے بتایاکہ ٹریفک حادثات کے نتیجہ میں ہونے والی اموات سے ہر سال لاکھوں خاندان انتہائی سنگین مسائل کا شکار ہو رہے ہیں لہٰذا عوام الناس کو ٹریفک قوانین اور دوسروں کے حقوق کا خیال رکھنا چاہیے کیونکہ حادثات انسانی جسم کے قیمتی اعضا چھین کر انہیں نہ صرف عمر بھر کی معذوری بلکہ دوسرے انسانوں کی محتاج گیری کا شکار بھی بنا دیتے ہیں اس لئے شاہرات پر ڈرائیونگ کرتے ہوئے ٹریفک اصولوں پر عملدرآمد کے ساتھ ساتھ حفاظتی تدابیر کو بھی پیش نظر رکھنا چاہیے تاکہ حادثات میں کمی واقع ہو سکے۔

(جاری ہے)

دریں اثناء شاہرات پر ٹریفک حادثات کا شکار ہونے والے افرادکے عالمی دن کے سلسلہ میں الیکٹرانک میڈیا خصوصی پروگرامات نشر کرے گا جبکہ پرنٹ میڈیا میں بھی موقع کی مناسبت سے خاص مضامین شائع کئے جائیں گے تاکہ عوام میں ٹریفک قوانین کے بارے میں شعوری آگاہی پیدا کی جا سکے ۔

متعلقہ عنوان :