بھارت ، مسافر ٹرین حادثے میں 63 سے زیاہ ہلاک، درجنوں زخمی

اتوار 20 نومبر 2016 11:10

لکھنئو ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2016ء) بھارتی حکام کے مطابق ریاست اتر پردیش میں مسافر ٹرین کے حادثے میں کم سے کم 63 افراد ہلاک ہو ئے ہیں اور درجنوں زخمی ہیں۔اتوار کو مسافر ٹرین کا حادثہ علی الصبح کانپور شہر کے قریب پوکھرایاں کے پاس میں ہوا۔ حادثے کے وجہ سے مسافر ٹرین کے 14 ڈبے پٹری سے اتر گئے۔اس حادثے میں سو سے زیادہ افراد زخمی ہوئے ہیں جبکہ جائے وقوعہ سے ملبہ ہٹانے اور امدادی کاروائیاں جاری ہیں۔

کانپور کے ایک سینیئر پولیس افسر ذکی احمد نے مقامی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ تقریبا دو سو افراد کو بچایا گیا ہے ریاست کے جی ڈی پی جاوید احمد نے میڈیا سے بات چیت میں بتایا کہ اب بھی دو بوگیاں ایک دوسرے میں پھنسی ہوئی ہیں اور انھیں کاٹ کر نکالنے کا کام چل رہا ہے۔

(جاری ہے)

ان کے مطابق ان میں مزید تقریبا ستر افراد کے پھنسے ہونے کا خدشہ ہے۔

پولیس حکام کے مطابق صبح کے تقریبا ساڑھے تین بجے یہ حادثہ پیش آیا۔ ریلوے کے مرکزی وزیر سریش پربھو نے اس حادثے کی تفتیش کے احکامات دیے ہیں۔ریسکیو اہلکاروں کا کہنا ہے کہ حادثے میں مزید ہلاکتوں کا امکان ہے۔کانپور سٹیشن ریلوے کے اہم جنکشنز میں سے ایک ہے اور یہاں سے ہر روز سینکڑوں ٹرینیں گزرتی ہیں۔ایک اندازے کے مطابق بھارت میں ایک دن میں دو کروڑ 30 لاکھ افراد ٹرین کے ذریعے سفر کرتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :