قوم کو مختلف چیلنجز کا سامناہے، مسلح افواج قوم کے تعاون سے انشاء اللہ جلد قابو پا لیں گی، ائیر چیف مارشل سہیل امان

پاک فضائیہ نے اپنی مسلح افواج کے ہمراہ آپریشن ضرب عضب میں کلیدی کردار ادا کیا ہے اور ہمیشہ کی طرح آئندہ بھی قوم کی توقعات پر پورا اترتی رہے گی،ائیریونیورسٹی ملتان کے پہلے کا نووکیشن کی تقریب

ہفتہ 19 نومبر 2016 23:08

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 نومبر2016ء) ائیر یونیورسٹی ملتان کیمپس کے پہلے کانووکیشن کی تقریب ملتان میں منعقد ہوئی۔ پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان جو کہ ائیر یونیورسٹی کے چیرمین بورڈ آف گورنرز بھی ہیں اس تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ وائس چانسلر آف ائیر یونیورسٹی، ائیر وائس مارشل (ریٹائرڈ) فائض امیربھی اس موقع پر موجود تھے۔

مہمان خصوصی نے مینجمنٹ اور کمپیوٹر سائنسز کے شعبہ جات میں 290 کامیاب طلباء میں ڈگریاں اور میڈلز تقسیم کیے۔ تقریب کے دوران ائیر چیف نے گریجوایٹ ہونے والے طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے والدین نے آپ کی بہترین اور معیاری تعلیم کے لیے بہت سی قربانیاں دی ہیں۔ اور مجھے امید ہے کہ آپ انہیں اپنے حسن عمل اور سخت محنت سے عزت دیں گے۔

(جاری ہے)

آپ کو کو وسیع مطالعہ اور ذہانت کے ساتھ علم کے نئے افق دریافت کرنے ہیں تاکہ آپ اس وطن کے مفید شہری بن کر ملکی ترقی میں بہترین کردار ادا کر سکیں۔قومی تعمیر و ترقی میں پاک فضائیہ کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے ملک بھر بالخصوص پسماندہ علاقوں میں بہت سے ووکیشنل اور دیگر تعلیمی ادارے قائم کیے ہیں۔ سال 2011 ء میں ائیر یونیورسٹی کیمپس ملتان کا قیام بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے اور مجھے یہ بتاتے ہوئے بہت خوشی ہو رہی ہے کہ اس کے نئے کیمپس کی تعمیر بہت جلد شروع کر دی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج قوم کو مختلف چیلنجز کا سامناہے لیکن پاکستان کی مسلح افواج قوم کے تعاون سے انشاء اللہ جلد قابو پا لیں گی۔ پاک فضائیہ نے اپنی مسلح افواج کے ہمراہ آپریشن ضرب عضب میں کلیدی کردار ادا کیا ہے اور ہمیشہ کی طرح آئندہ بھی قوم کی توقعات پر پورا اترتی رہے گی۔اس سے پہلے وائس چانسلر آف ائیر یونیورسٹی، ائیر وائس مارشل (ریٹائرڈ) فائض امیر نے اپنے استقبالی خطاب میں پاک فضائیہ کا نئے کیمپس کے قیام میں بھرپور معاونت پر شکریہ اداکیا۔

ائیر یونیورسٹی ملتان کیمپس کا قیام 2011 ء میںعمل میں لایاگیا جس کا مقصد جنوبی پنجاب کے پسماندہ علاقے کے لوگوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنا تھا۔اس سال 750 سے زائد طلباء مختلف شعبہ جات میں بیچلر اور ماسٹر ڈگری پروگرامز میںائیر یونیورسٹی کیمپس میں داخل ہو چکے ہیں۔ائیر یونیورسٹی ملتان کیمپس میں بہترین تعلیم یافتہ اور تجربہ کار فیکلٹی کا اہتمام کیا گیا ہے جس میں 50 فیصد سے زائد اساتذہ مختلف قومی اور بین الاقوامی اداروں سے پی ایچ ڈی ڈگری ہولڈر ہیں۔

متعلقہ عنوان :