Live Updates

عوام کی سہولت کیلئے ٹریفک نظام کو خوب سے خوب تر بنانا ہم سب کی ذمہ داری ہے،شہباز شریف

ہفتہ 19 نومبر 2016 22:35

لاہور۔19 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 نومبر2016ء) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت یہاں ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کے لئے قائم سٹیرنگ کمیٹی کا پہلا اجلاس منعقد ہوا جس میں لاہور سمیت دیگر بڑے شہروں میں ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کے حوالے سے تجاویز کا جائزہ لیا گیا -وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی سہولت کیلئے ٹریفک نظام کو خوب سے خوب تر بنانا ہم سب کی ذمہ داری ہے - سڑکوں پر ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کے لئے شارٹ ، میڈیم اور لانگ ٹرم اقدامات متعارف کرانا ہوں گی- وزیر اعلی نے ہدایت کی کہ سات روز کے اندر شارٹ ٹرم اقدامات کو حتمی شکل دی جائی-اورشارٹ ٹرم اقدامات کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کیا جائے -انہوں نے کہا کہ ٹریفک مینجمنٹ کے لئے ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنا وقت کی ضرورت ہے - ٹریفک نظام کی بہتری کے لئے دنیا کے بہترین شہروں کے ماڈل سے استفادہ کیا جائے - وزیر اعلی نے ہدایت کی کہ ٹریفک نظام میں بہتری کے لئے انسپکٹر جنرل پولیس اپنی کورٹیم تشکیل دیں - شہریوں کو ٹریفک کے مسائل سے نجات دلانے کے لئے نئے جذبے اور عزم کے ساتھ کام کرنا ہو گا - اس ضمن میں تساہل کی کوئی گنجائش نہیں -انہوںنے کہا کہ ٹریفک نظام بہترہونے سے شہریوں کو انتظار کی کوفت سے نجات ملے گی-میں ہر ہفتے سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کروںگااورٹریفک نظام کوبہتر بنا کر دم لیں گے -ٹریفک مینجمنٹ کے ساتھ ٹریفک انجینئرنگ پر بھی توجہ دینا ہو گی- وزیر اعلی نے ایم پی اے جہانگیر خانزادہ کو سٹیئرنگ کمیٹی کا وائس چیئرمین مقرر کر دیا- چیف سیکرٹری ، انسپکٹر جنرل پولیس ، سیکرٹری داخلہ ، ڈی جی ایل ڈی اے ، ڈی سی او لاہور ، ڈی آئی جی آپریشنز، سی ٹی او لاہور اور چیئرمین ٹاسک فورس برائے اطلاعات و کلچرنے اجلاس میں شرکت کی جبکہ یم پی اے جہانگیرخانزادہ کی اٹک اور چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور سینئر ممبر سپیشل مانیٹرنگ یونٹ نے امریکہ سے ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئی-
Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :