وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی گورننگ باڈی کا پانچواں اجلاس‘ اہم فیصلے

شیخوپورہ، ننکانہ صاحب اور قصور میں عوام کو بہتر اور جدید سہولتوں کی فراہمی کیلئے ایل ڈی اے کے سب دفاتر کے قیام کی منظوری � کی دہائی میں ایل ڈی اے اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی سے ڈبل ادائیگیاں حاصل کرنیوالوں کے خلاف بھی کارروائی کا فیصلہ پارکنگ اور تجاوزات کے مسائل کے حل کیلئے ٹھوس منصوبہ بندی کی جائی:وزیراعلیٰ پنجاب

ہفتہ 19 نومبر 2016 22:35

لاہور۔19 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 نومبر2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت منعقد ہونے والے لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی گورننگ باڈی کے پانچویں اجلاس میں شہریوں کو بہترین خدمات اور سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے متعدد اہم فیصلے کئے گئے۔ اجلاس میں شیخوپورہ، ننکانہ صاحب اور قصور میں ایل ڈی اے کے سب دفاتر کے قیام کی منظوری دی گئی اور غیرقانونی ہائوسنگ سوسائٹیاں بنانے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔

غیر قانونی اور بلااجازت تعمیرات کرنے والوں اور مقررہ مدت میں پلاٹوں پر عمارتیں تعمیر نہ کرنے کے حوالے سے سروے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں شیرپائو پل کے دونوں اطراف اراضی کو کمرشل طو رپر ڈویلپ کرنے اور اس ضمن میں بہترین کنسلٹنٹ کا انتخاب اور بزنس و فنانشل ماڈل تیار کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں 80ء کی دہائی میں ایل ڈی اے اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی سے پلاٹوں کی مد میں ڈبل ادائیگیاں حاصل کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا اور اس وقت کے جن افسروں اور عملے نے اس ضمن میں ڈبل ادائیگیاں کیں ان کے خلاف بھی سخت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو سہولتیں فراہم کرنے کیلئے کثیرالجہتی نوعیت کے فوری اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہے اور اس ضمن میں ادارہ جاتی نظام کو مزید مضبوط بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ ایسے عناصر کے خلاف قانون کے تحت سخت کارروائی کی جائے جو غیر قانونی ہائوسنگ سوسائٹیاں بنا کر عوام کے خون پسینے کی کمائی لوٹتے ہیں۔

عوام سے دھوکہ اور فراڈ کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں، ایسے عناصر کی جگہ جیل ہے۔انہوں نے لاہور ڈویژن کا مربوط ماسٹرپلان مرتب کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جن شہروں میں تیزی سے ترقی ہو رہی ہے وہاں ڈویلپمنٹ اتھارٹیز کے قیام کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں۔ اس اقدام سے شہریوں کو اچھی خدمات کی فراہمی میں مدد ملے گی اور انہیں بہتر اور جدید سہولتیں میسر آئیں گی۔

ڈویلپمنٹ اتھارٹیز کے قیام کے حوالے سے فوری طور پر روڈمیپ مرتب کیا جائے اور لاہور سمیت بڑے شہرو ںمیں نکاسی آب اور صفائی کے حوالے سے منصوبوں کیلئے بین الاقوامی کنسلٹنٹس کا انتخاب کیا جائے۔ انہوں نے 80ء کی دہائی میں ایل ڈی اے اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی سے پلاٹوں کی مد میں ڈبل ادائیگیاں حاصل کرنیو الوں اور اس وقت کے ایل ڈی اے کے افسروں اور عملے جس نے یہ ڈبل ادائیگیاں کیں ان کے خلاف بھی سخت کارروائی کی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ نے غیر قانونی اور بلااجازت تعمیر کی جانے والی عمارتوں اور جن پلاٹس پر مقررہ مدت میں عمارتیں تعمیر نہیں کی گئیں، ان کے سروے کا بھی حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ پارکنگ اور تجاوزات کے مسائل کے حل کیلئے مربوط منصوبہ بندی کی جائے اور اس پر پوری طرح عملدرآمد کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ شیرپائو پل کے دونوں اطراف اراضی کو کمرشل طو رپر ڈویلپ کیا جائے اور اس کی ڈویلپمنٹ کیلئے بہترین کنسلٹنٹ کا انتخاب کیا جائے۔

انہو ںنے اتھارٹی کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل کو بعض اختیارات تفویض کرنے کے حوالے سے ترامیم کیلئے سب کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ انجینئرز کو تکنیکی الائونس دینے کیلئے کارکردگی کی بنیاد پر مربوط نظام وضع کیا جائے۔ ڈائریکٹر جنرل لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے ادارے کی کارکردگی اور شہریوں کو سہولیات کے فراہمی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ خواجہ احمد حسان، اراکین صوبائی اسمبلی رانا محمد ارشد، یعقوب ندیم، بائو اختر علی، عارف خان سندھیلہ، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ، سیکرٹری ہائوسنگ، کمشنر لاہور ڈویژن اور گورننگ باڈی کے دیگر اراکین نے اجلاس میں شرکت کی۔