پنجاب حکومت نے صوبے میں ہر سطح پر میرٹ پالیسی کو اپنایا، میڈیکل کالجو ںمیں داخلے کیلئے اپنائی گئی میرٹ پالیسی کے بہتر نتائج برآمد ہوئے ہیں

وزیر اعلی شہباز شریف کا اعلی سطحی اجلاس سے خطاب

ہفتہ 19 نومبر 2016 22:35

لاہور۔19 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 نومبر2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے صوبے میں ہر سطح پر میرٹ پالیسی کو اپنایا ہے اور میڈیکل کالجو ںمیں داخلے کیلئے اپنائی گئی میرٹ پالیسی کے بہتر نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ پبلک میڈیکل کالجوں کی طرح نجی میڈیکل کالجوں کو بھی میرٹ پالیسی پر عملدرآمد کرنا ہوگا اور میرٹ پالیسی کی خلاف ورزی پر قانون کے تحت سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

وہ ہفتہ کے روز یہاں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدار ت کر رہے تھے جس میں میڈیکل ایجوکیشن کے فروغ، میڈیکل کالجوں میں داخلے کیلئے میرٹ پالیسی پر عملدرآمد اور دیگر امو رکا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرٹ پالیسی ہی حقداروں کو ان کا حق دینے کا واحد راستہ ہے۔

(جاری ہے)

پیسوں کی خاطر میرٹ کی خلاف ورزی کرکے قوم کے ذہین اور ہونہار بچوں کا حق مارنا ظلم ہے۔

میڈیکل ایجوکیشن کے نام پر پیسے کمانے کی خاطر میرٹ کی خلاف ورزی نہیں کرنے دیں گے۔ پبلک میڈیکل کالجوں کیلئے بنائی گئی میرٹ پالیسی نجی میڈیکل کالجوں پر بھی لاگو ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام میڈیکل و ڈینٹل کالجز میں داخلے کیلئے میرٹ پالیسی پر عملدرآمد کرانا محکمہ صحت کی ذمہ داری ہے اور اسے یہ ذمہ دار پوری کرنا ہوگی۔ انہو ںنے کہا کہ میڈیکل ایجوکیشن کا فروغ وقت کی ضرورت ہے، پنجاب حکومت نے اس حوالے سے موثر اقدامات کئے ہیں۔

صحت عامہ کی سہولتوں کی بہتری اور میڈیکل ایجوکیشن کے فروغ کیلئے نیک نیتی سے کام کر رہے ہیں۔ممبر پی ایم ڈی سی ڈاکٹر عیس محمد نے کہا کہ پنجاب حکومت نے پبلک و پرائیویٹ میڈیکل کالجو ںمیں داخلے کیلئے میرٹ پالیسی اپنا کر انقلابی قدم اٹھایا ہے اوروزیراعلیٰ شہبازشریف کی قیادت میں پنجاب حکومت نے اس ضمن میں پہل کی ہے جس پر وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔

وزیر مملکت نیشنل ہیلتھ سروسز سائرہ افضل تارڑ، مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، سیکرٹریز صحت و قانون، وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ ممبر پی ایم ڈی سی ڈاکٹر عیس محمد اور وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور پنجاب ہائوس اسلام آباد سے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

متعلقہ عنوان :