سبی،ہرنائی سیکشن پر سٹیشنوں کی اپ گریڈیشن اور بحالی جدید تقاضوں، بہترین معیار اور مجوزہ ڈیزائن کے مطابق کی جائے‘ خواجہ سعد رفیق

مردوں کے علاوہ عورتوں کیلئے علیحدہ بیٹھنے کی جگہ بنائی جائے ،بلخصوص نماز کی ادائیگی کیلئے عورتوں کیلئے جگہ کا بندوبست لازمی کیا جائے‘ وفاقی وزیر ریلوے کی اعلیٰ سطحی اجلاس میں ہدایت

ہفتہ 19 نومبر 2016 21:54

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 نومبر2016ء) وزیر ریلویز خواجہ سعدرفیق کی زیر صدارت ریلوے ہیڈ کوارٹرز آفس لاہور میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق کو سبی -ہرنائی سیکشن کی اپ گریڈیشن اور بحالی کے پراجیکٹ ڈائریکٹر سینٹر نیشنل لاجسٹک سیل بریگیڈیئرشاہد مجید کی سربراہی میں وفد نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس سیکشن پر تیزی سے کام جاری ہے۔

49فیصد فزیکل پراگریس مکمل کر لی گئی ہے۔ وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ سبی-ہرنائی سیکشن پر سٹیشنوں کی اپ گریڈیشن اور بحالی جدید تقاضوں، بہترین معیار اور مجوزہ ڈیزائن کے مطابق کی جائے۔ مردوں کے علاوہ عورتوں کیلئے علیحدہ بیٹھنے کی جگہ بنائی جائے اور بلخصوص نماز کی ادائیگی کیلئے عورتوں کیلئے جگہ کا بندوبست لازمی کیا جائے۔

(جاری ہے)

اس سیکشن پر سکیورٹی کے انتظامات کیلئے مستقبل کی پلاننگ ضروری ہے، جس کیلئے ابھی سے لائحہ عمل بنایا جائے۔ وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے سبی-ہرنائی سیکشن پر اب تک ہونے والی پیش رفت کو اطمینان بخش قرار دیتے ہوئے منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔واضح رہے کہ مذکورہ سیکشن عرصہ دراز سے سیلاب اور دہشت گردوں کی مزموم کاروائیوں کی وجہ سے متاثر ہوا اور ریلوے کو اسے بند کرنا پڑا۔

اب اس سیکشن کی بحالی کیلئے خصوصی اقدامات کرتے ہوئے نیشنل لاجسٹک سیل(NLC ) کی خدمات لی گئی ہیں۔اجلاس میں ٹرین سیفٹی کے حوالے سے بھی ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور مزید اقدامات کرنے کے حوالے سے بھی احکامات جاری کیے۔ اجلاس میںچیئرپرسن ریلویز مسز پروین آغا،چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد جاوید انور، مشیر ریلویز انجم پرویز، ممبر فنانس غلام مصطفی،آئی جی ریلویز منیر احمد چشتی،ایڈیشنل جنرل منیجر انفراسٹرکچر ہمایوں رشید، ایڈیشنل جنرل منیجر ٹریفک مقصودالنبی، ایڈیشنل جنرل منیجر مکینیکل لیاقت علی چغتائی، چیف آپریٹنگ سپرنٹنڈنٹ محمود حسن، چیف انجینئر اُوپن لائن بشارت وحید، چیف انجینئرسروے اینڈ کنسٹرکشن شارخ افشار خان، پراجیکٹ ڈائریکٹر سٹیشنز فرخ تیمور غلزئی، فنانشل ایڈوائزر اینڈ چیف اکائونٹس آفیسر ڈاکٹر محمد سعید سمیت ریلوے کے دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :