پہاڑوں پر جانے والے نوجوان مطلبی لوگوں کے بہکاوے میں آ کر علاقے کے امن کو خراب نہ کریں،نواب ثناء اللہ خان زہری

اپنے بچوں کے قاتلوں کو بھی معاف کرنے کیلئے تیار ہوں، ہتھیار ڈال کر قومی دھارے میں شامل ہو جائیں ،وزیر اعلیٰ بلوچستان کا سوئی میں جلسہ عام سے خطاب

ہفتہ 19 نومبر 2016 21:28

سوئی +کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 نومبر2016ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ ڈیرہ بگٹی ایک پسماندہ ترین اور جنگ زدہ علاقہ ہے . یہاں کے غریب عوام کی ترقی کے لئے ہر ممکن مدد کرنے کو تیار ہوں ، پہاڑوں پر بیٹھنے والے نوجوان اپنی زندگیوں پر ترس کھائیں چند منافق اور مطلبی لوگوں کے ذاتی مفادات کی ایندھن نہ بنیں میں انہیں سر عام دعوت دیتا ہوں کہ وہ ہتھیار ڈال دیں میں اپنے بچوں کے قاتلوں کو بھی معاف کرنے کے لئے تیار ہوں۔

یہ بات انہوںنے ہفتے کو ضلع ڈیرہ بگٹی کی تحصیل سوئی میں ایک عظیم وشان جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ سوئی میں امن و امان کا ماحول بہتر ہونا بہت ضروری ہے ،پہاڑوں پر جانے والے نوجوان اپنی زندگیوں کو بلا وجہ لندن اور سوئزر لینڈ میں بیٹھے ہویئے مطلبی لوگوں کے بہکاوے میں آ کر علاقے کے امن کو خراب نا کریں اور ہتھیار ڈال کر قومی دھارے میں شامل ہو جائیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میرا دل بڑا ہے میں اپنے بیٹے کے قاتلوں کو بھی معاف کرنے کے لئے تیار ہوں ، اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری نے ڈیرہ بگٹی کے عوام کے لئے ڈیرہ بگٹی ٹاون میں گیس کی فراہمی ، لوٹی میں پانی کے واٹر سپلائی ، بیہ لوٹی کے لئے 20 کلو میٹر روڈ ، کاشت کاروں کے لئے بلڈوزر کے 20 ہزار گھنٹے ، 500 سولر پلیٹس کا بھی اعلان کیا واضح رہے کہ اس جلسے کا اہتمام صوبائی وزیر داخلہ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور ان کے بڑے بھائی میر جان محمد بگٹی کی جانب سے کیا گیا تھاجس میں قبائلی روایت کے مطابق میر جان محمد بگٹی نے وزیر اعلی بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کو سفید پگڑی بھی پہنائی اور سرفراز بگٹی نے انہیں اونٹ بھی تحفے میں پیش کیا اس موقع پر تمام بگٹی قبائلی عمائدین سمیت ہزاروں افراد نے جلسے میں شرکت کی ۔