شریف فیملی کو ایک کروڑ20لاکھ درہم کی تفصیلات سامنے لانے کا مطالبہ، قرار داد پنجاب اسمبلی میں جمع

ہفتہ 19 نومبر 2016 20:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 نومبر2016ء) تحریک انصاف کے ممبر صوبائی اسمبلی محمد شعیب صدیقی نے پنجاب اسمبلی میں قرار داد جمع کرائی ہے جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ وزیر اعظم میاں محمد نوازشریف کے بچوں کی جانب سے پاناما لیکس کے حوالے سے لندن فلیٹس کو قانونی اور جائز بنانے کیلئے قطری شہزادے حمد بن جاسم بن جبر الثانی کی طرف سے جو خط سپریم کورٹ میں پیش کیا گیا ہے اس کے مطابق ایک کروڑ20لاکھ درہم کی منی ٹریل کی تفصیلات سامنے لائی جائیں اور سب سے پہلے اس تفصیل کو منتخب ایوانوں میں پیش کیا جائے شعیب صدیقی نے اپنی قرارداد میں کہا ہے کہ وزیر اعظم کا پارلیمنٹ میں ایک اور ٹی وی چینلز پر دو مرتبہ خطاب اور ان کی اہلیہ اور بچوں کے بیانات انتہائی تضادات کا مجموعہ ہیں اس ابہام کو دور کرنے کیلئے فوری طور پر جامع اور حقائق پر مبنی وضاحت کی جائے تا کہ پاکستان کی20کروڑ عوام کو پاناما کے ہنگامہ سے باہر نکالا جا سکے پی ٹی آئی کے ایم پی اے شعیب صدیقی نے اپنی قرارداد میں کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی کا معزز ایوان وزیر اعظم سے مطالبہ کرتا ہے کہ اُن کے پیش کیے گئے خط کے مطابق قطر کے حمد بن جاسم بن جبر الثانی نے جن ایک کروڑ 20لاکھ درہم کا ذکر کیا ہے شریف فیملی اُس کے بلیک اینڈ وائٹ میں ثبوت پیش کرے اور بتائے کہ کیونکر صرف حسین نواز ہی اس کے مالک بنے ہیں انہوں نے کہا کہ منتخب ایوان ہونے کے ناطے وزیر اعظم اس اہم قومی مسئلے پر اراکین اسمبلی کے سامنے جوابدہ ہیں اور انہیں پنجاب اسمبلی کو اس معاملے پر مطمئن کرنا چاہیے ۔