وزیر اعظم محمد نواز شریف کی پی پی پی کے رہنما جہانگیر بدر مرحوم کے گھر آمد‘ان کی وفات پر اہلخانہ سے اظہار تعزیت

جہانگیر بدر ایک منجھے ہوئے سیاستدان اور اپنے سیاسی مخالفین کے ساتھ عزت سے پیش آتے تھے، ان کی وفات سے پیدا ہونے والا خلاء کبھی پر نہیں ہو سکتا وزیر اعظم کی میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 19 نومبر 2016 20:21

وزیر اعظم محمد نواز شریف کی پی پی پی کے رہنما جہانگیر بدر مرحوم کے گھر ..
لاہور۔19 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 نومبر2016ء) وزیر اعظم محمد نواز شریف ہفتہ کے روز پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما و سینیٹر جہانگیر بدر مرحوم کے گھر گئے اور ان کے انتقال پر اہل خانہ سے اظہار تعزیت اور مرحوم کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی،انہوں نے جہانگیر بدر کے اہل خانہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم کی پارٹی کیلئے گراں قدرخدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،مرحوم کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کر تے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کی وفات سے پیدا ہونے والا خلاء کبھی پر نہیں ہو سکتا، اہل خانہ سے تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ جہانگیر بدر مرحوم کو اللہ تعالیٰ اپنی جوار رحمت میں جگہ عطاء فرمائے‘ ان کے درجات کو بلند فرمائے۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نے کہا کہ جہانگیر بدر ایک منجھے ہوئے سیاستدان کے ساتھ ساتھ ایک اچھے انسان بھی تھے اور اپنے سیاسی مخالفین کے ساتھ عزت سے پیش آتے تھے،وزیر اعظم نے کہا کہ میرا مرحوم کے ساتھ بہت اچھا تعلق تھا،جہانگیر بدر اللہ تعالیٰ کے پاس چلے گئے ہیں ،میرے دل میں انکے بارے میں بہت اچھی یادیں ہیں‘ وہ صاف گواور دل کے بڑے اچھے تھے اور اس طرح کے انسان مجھے بہت اچھے لگتے ہیں‘ انہوں نے کہا کہ یہ تعلق ہمارا کئی سال پہلے قائم ہوا اور انشاء اللہ ان کے بعد ان کی اولاد کے ساتھ بھی قائم رہے گا،انہوں نے کہاکہ ان کے نوجوان فرزند میرے ساتھ کھڑے ہیں میں نے انکی شادی میں بھی شرکت کی تھی۔

وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ سیاستدانوں میں اس طرح کے منجھے ہوئے لوگ ہوں تو وہ پاکستان کی سیاست کا نقشہ بدل سکتے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :