وزیراعلیٰ کے مشیر برائے اعلیٰ تعلیم مشتاق غنی کا تنازعہ کے حوالہ سے اجلاس سے خطاب

ہفتہ 19 نومبر 2016 20:21

ایبٹ آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 نومبر2016ء) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و اعلیٰ تعلیم مشتاق احمد غنی نے یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ایبٹ آباد اور جھنگی کھوجہ کے درمیان راستہ کے تنازعہ کے حل کیلئے ہائر ایجوکیشن کمیشن کو ہدایت کی کہ وہ اپنے فیصلہ پر نظرثانی کرے، جھنگی کھوجہ کی عوام کو راستہ فراہم کیا جائے کیونکہ اس راستہ سے بہت بڑی آبادی گذرتی ہے۔

یہ ہدایت انہوں نے ہفتہ کو یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ایبٹ آباد اور جھنگی کھوجہ کے راستہ کے تنازعہ کے حوالہ سے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر خوراک حاجی قلندر خان لودھی، چیف پلاننگ آفیسر ہائر ایجوکیشن خیبر پختونخوا محمد زمان خان، تحصیل ناظم ایبٹ آباد اسحق سلیمانی، لوکل بلدیاتی نمائندے، یونیورسٹی کے کوآڈینیٹر انتظامیہ، محکمہ مال کے افسران اور اہلکاروں کے علاوہ دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

مشیر وزیراعلیٰ مشتاق احمد غنی نے کہا کہ یونیورسٹی کے ریکارڈ کے مطابق جتنی بھی زمین ہے اگر اس پر کسی بھی قسم کی تجاوزات ہوئی ہے تو اس کو فوراً ہٹایا جا ئے اور حد براری کے مطابق جتنی زمین نقشہ میں موجود ہے وہ یونیورسٹی کی ملکیت ہے، اگر اس پر کسی نے تعمیرات بھی کی ہوئی ہے تو اس کو گرایا جائے۔ جھنگی کے عوام نے مطالبہ کیا کہ ہمارے پاس نماز جنازہ پڑھانے کی جگہ نہیں، ہمیں کالج میں پڑھانے کی اجازت دی جائے ۔

انہوں نے گورنمنٹ ڈگری کالج نمبر 2 میں جنازہ گاہ تعمیر ہونے تک اجازت فراہم کی۔ انہوں نے گورنمنٹ کالج نمبر دو اور یونیورسٹی کی مشترکہ عمارت کے مسئلہ کو حل کرنے کیلئے ہائر ایجوکیشن کمیشن کو ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر یونیورسٹی کو ایک نیا بلاک تعمیر کر کے دے جس سے کالج اور یونیورسٹی کی حدود الگ الگ ہو جائیں گی۔ قبل ازیں انہوں نے کالج کے مختلف شعبوں کا دررہ کیا اور کالج انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر بی ایس بلاک کی تعمیر کا کام شروع کریں، کالج میں ڈیجیٹل لائبریری اور سابق لائبریری میں فرنیچرز کی فراہمی کا بھی اعلان کیا۔

انہوں نے کالج انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ نئی آسامیوں کی بھرتی کیلئے فوری طور پر ایس این ای بنا کر ارسال کرے۔ آخر میں انہوں نے یونیورسٹی کی حدود اور تجاوزات کی گئی جگہوں کا بھی معائنہ کیا اور محکمہ مال کو ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر تجاوزات کرنے والوں کو نوٹس جاری کر کے ان کی تجاوزات کو گرایا جائے۔

متعلقہ عنوان :