پاناما لیکس کی درست تحقیقات کیلئے مسلم لیگ(ن) سنجیدہ ہے نہ ہی پی ٹی آئی،ڈاکٹر کریم خواجہ

حکومت بلاول بھٹو کے مطالبات تسلیم کرے تاکہ ملک میں سیاسی استحکام بحال ہو سکے،بیان

ہفتہ 19 نومبر 2016 20:06

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 نومبر2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹرڈاکٹر کریم خواجہ نے کہا ہے کہ پاناما لیکس کی درست تحقیقات کے لئے نہ مسلم لیگ(ن) سنجیدہ ہے اور نہ ہی پی ٹی آئی۔ جس کی وجہ سے ملک سیاسی عدم استحکام کا شکار ہو رہا ہے۔ حکومت کے پاس صرف ایک ہی راستہ ہے کہ چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کے مطالبات تسلیم کئے جائیں تاکہ ملک میں سیاسی استحکام بحال ہو سکے۔

اپنے بیان میں سینیٹر ڈاکٹر کریم خواجہ نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) اور پی ٹی آئی کا ملک اور عوام کے اصل مسائل سے کوئی سروکار نہیں ہے۔ حالت یہ ہے کہ خارجہ پالیسی دگرگوں ہے۔ وزیر خزانہ کے معیشت کے حوالے سے تمام دعوے حقیقت سے خالی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیروزگاری، مہنگائی کی وجہ سے عوام بدحالی اور مشکلات کا شکار ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمران خان نیازی کا مسئلہ سیاسی نہیں نفسیاتی ہے کیونکہ عمران خان نیازی کو اپنے علاوہ کسی پر کوئی اعتبار نہیں ہے۔

یہی وجہ ہے کہ وہ سولو فلائٹ کرتے ہیں۔ سینیٹر کریم خواجہ نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی عوام کی طاقت پر یقین رکھتی ہے۔ اگر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے چار مطالبات تسلیم نہیں کئے گئے تو پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین 27دسمبر کو اگلے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔