بھارت بلوچستان کو دوسرابنگلہ دیش بنانے کے لیے سازشیں کررہاہے‘جماعت اسلامی پنجاب

کل بھوشن یادیوکی گرفتاری اس بات کا ثبوت ہے کہ بھارت اقتصادی راہداری منصوبہ ناکام بناناچاہتاہے‘میاں مقصود احمد

ہفتہ 19 نومبر 2016 19:46

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 نومبر2016ء) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہاہے کہ بھارتی بحریہ کی جانب سے پاکستان کی سمندری حدود کی خلاف ورزی کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، پاک بحریہ کی بروقت کاروائی سے دشمن بھاگنے پر مجبور ہوگیا،پاک فوج اور20کروڑ عوام ہندوستان کا ہرمحاذ پر مقابلہ کرنے کے لیے تیار کھڑے ہیں ،نئی دہلی کی سازشوں کامرکز بلوچستان کاساحلی علاقہ تھا جس کا واضح مطلب سی پیک جیسے منصوبے کونقصان پہنچانا ہے،کچھ عرصہ پہلے بھارتی بحریہ کاحاضر سروس آفیسرکل بھوشن یادیوبھی جاسوسی کے الزام میںگرفتار ہوچکا ہے۔

انہوں نے کہاکہ یوں محسوس ہوتاہے کہ ہندوستان ہر قیمت پر پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کوناکام بنانے کے لیے مذموم کاروائیوں پر اتر آیا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان ایک پُر امن ملک اور جنوبی ایشیامیں ترقی کاخواہاں ہے۔ہم بھارت سمیت خطے کے تمام ممالک کے ساتھ برابری کی سطح پر تعلقات استوار کرنے کے خواہش مند ہیں مگراس کے لیے ضروری ہے کہ انڈیانہتے کشمیریوں پرمظالم بند کرکے ان کو حق خود ارادیت دے اور پاکستان میں دہشت گردی پھیلانے کا سلسلہ بند کرے ،اس کے بعد ہی دونوں ملکوں کے درمیان اعتماد کی فضاپیداہوسکتی ہے۔

میاں مقصود احمد نے مزیدکہاکہ بھارت1971کے خمار سے نکل آئے اور بلوچستان کو بنگلہ دیش بنانے کی سازشوں سے بازآجائے۔پاکستان ایک ایٹمی ریاست ہے اور ہم اپنے دفاع کو ہر صورت یقینی بنائیں گے۔ہندوستان ایک دہشتگردی ریاست ہے جس نے ہر محاذ پر پاکستان کو نقصان پہنچانے کا کوئی موقع خالی ہاتھ نہیں جانے دیا۔میاں مقصود احمد نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ وہ بھارت کے گھنائونے چہرے کو عالمی دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے کے لیے اقدامات کرے۔

دوست ممالک کو اعتماد میں لیاجانا چاہئے۔بھارتی جارحانہ اقدامات خطے میں امن کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہیں۔انہوں نے کہاکہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم سے توجہ ہٹانے کے لیے اوچھے ہتھکنڈوں پر اترآیاہے ۔وقت کاتقاضا ہے کہ دشمن کے ناپاک عزائم کوخاک میں ملاتے ہوئے بھارت کو اسی کی زبان میں منہ توڑ جواب دیاجائے۔