واشنگٹن اکارڈ کا وفد10 روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گیا، انجینئرنگ کی تعلیم کے معیار کا جائزہ لے کر اکارڈ میں پاکستان کی مستقل رکنیت کے حوالے سے سفارشات مرتب کرے گا

ہفتہ 19 نومبر 2016 19:30

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 نومبر2016ء) انٹرنیشنل انجینئرنگ الائنس کے تحت قائم کردہ واشنگٹن اکارڈ کا ایک وفد دس روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گیا۔وفد پاکستان میں انجینئرنگ کی تعلیم کے معیار کا جائزہ لے کر واشنگٹن اکارڈ میں پاکستان کی مستقل رکنیت کے حوالے سے سفارشات مرتب کرے گا۔ وفد پاکستان میںدس روزہ قیام کے دوران انجینئرنگ یونیورسٹیز، تعلیمی نصاب، یونیورسٹیز میں دستیاب سہولتوں اورپاکستان انجینئر کونسل کے انجینئرنگ پروگراموں کی ایکریڈیشن کے لیے مروّجہ نظام کاواشنگٹن اکارڈ کے قائم کردہ معیار کے ساتھ تقابلی جائزہ لے گا۔

پاکستان انجینئر نگ کونسل کی نمائندگی میں پاکستان کو واشنگٹن اکارڈ میں عارضی رکنیت2010میں دی گئی تھی۔

(جاری ہے)

جس کے بعد انٹرنیشنل انجینئرنگ الائنس کی طرف سے پاکستان میں انجینئرنگ کی تعلیم کو بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ کر نے کیلئے ضروری رہنمائی اور فنیّ معاونت فراہم کی جاتی رہی۔ انٹرنیشنل انجینئرنگ الائنس کے تحت واشنگٹن اکارڈ میں مستقل رکنیت حاصل ہونے پر پاکستان کی انجینئرنگ یونیورسٹیز سے فارغ التحصیل انجینئرز کو کسی بھی ترقی یافتہ ملک کے انجینئر کے برابر مرتبہ حاصل ہوگا جس سے اندرون و بیرون ملک انجینئرز کے لئے روزگار اور تعلیم کے بہتر مواقعوں تک مساوی رسائی حاصل ہو گی۔

دورہ کے پہلے روز پاکستان انجینئرنگ کونسل کے چیئرمین انجینئر جاوید قریشی نے وفد کو کونسل کی پالیسیوں، کاوشوںاور کامیابیوں سے متعلق بریفنگ دی اور انجینئرنگ کے تعلیمی معیار کیلئے کوششیں تیز کرنے اور اسے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔بریفنگ میں پاکستان انجینئر نگ کونسل کے کنوئنیئر ایکریڈیشن کمیٹی پروفیسر ڈاکٹر نیاز اختر ، صوبائی وائس چئیر مین ، رجسٹرار ، ٹاسک فورس کے ممبران اور اعلیٰ سطحی افسران نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :