وکلاء کا معاشرے میں بڑا متحرک کردار رہا ہے ، بحالی جمہوریت کے لئے وکلاء برادری کی کاوشو ں اور قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جاسکتا

میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز کا بار ایسوسی ایشن سے خطاب

ہفتہ 19 نومبر 2016 19:03

وکلاء کا معاشرے میں بڑا متحرک کردار رہا ہے ، بحالی جمہوریت کے لئے وکلاء ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 نومبر2016ء) میئراسلام آبادو چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے ہفتہ کے روز اسلام آباد بارایسوسی ایشن مرکز F-8میں بار ایسوسی ایشن سے خطاب کیا ۔ اس موقع پر اسلام آباد بار ایسوسی ایشن کے صدر محمد طیب اور جنرل سیکرٹری ظفر کھوکھر کے علاوہ اسلام ہائی کورٹ بار کے صدر طارق محمود جہانگیر ی کے علاوہ وکلاء کی کثیر تعداد موجود تھی۔

تقریب میں میٹر و پولٹین کارپوریشن کے ڈپٹی میئر چوہدری رفعت جاوید ‘ میئر پولٹین کارپوریشن کی یونین کونسل کے چیئرمین سردار مہتاب احمد خان ‘ نعیم گجر ایڈووکیٹ اور دیگر منتخب نمائندے بھی موجود تھے ۔میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وکلاء کا معاشرے میں بڑا متحرک کردار رہا ہے اور بحالی جمہوریت کے لئے وکلاء برادری کی کاوشو ں اور قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔

(جاری ہے)

میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے کہا کہ اسلام آباد بار ایسوسی ایشن اور اسلام آباد کی عدالتوں کے لئے مہیا کی جانے والی سہولیات کو درالحکومت کے شایان شان بنانے کیلئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایاجائے گا۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے نئے جوڈیشل کمپلیکس کی تعمیر تک موجودہ جوڈیشل کمپلیکس مرکز F-8میں سیوریج سسٹم کی اپ گریڈیشن کے علاوہ روزانہ کی بنیاد پر صفائی کو یقینی بنانے کے لئے مستقل بنیادوں پر سینٹری سٹاف مہیا کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ مرکز F-8 میں سٹریٹ لائٹس کی فراہمی اور واٹر سپلائی کو بھی مزید بہتر کیا جارہا ہے تاکہ جج صاحبان کے علاوہ وکلاء اور کچہری میں آنے والے سائلین کو کسی قسم کی دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے بار ایسوسی ایشن کو یقین دھانی کرائی کہ جوڈیشل کمپلیکس کی تعمیر مکمل ہونے کے ساتھ ساتھ وکلاء کے چیمبرز کی تعمیر کے لئے وہ نہ صرف وزیر اعظم محمد نواز شریف سے ذاتی طور پر درخواست کریں گے بلکہ ہم سب وزیر اعظم کو تشریف آوری کے لئے بھی خصوصی درخواست کریں گے تاکہ نئے جوڈیشل کمپلیکس میں وکلاء کے لئے تمام تر سہولیات کی فراہمی کو ممکن بنایا جاسکے ۔

میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز اسلام بار ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کے ہمراہ کچہری کا دورہ بھی کیا اور سیوریج سسٹم کے علاوہ صفائی اور پانی کی سپلائی سمیت وکلاء کو درپیش تمام مسائل کا جائزہ لیا اور متعلقہ شعبوں کو ان مسائل کے فوری حل کے لئے احکامات صادر کئے ۔ قبل ازیں اسلام آباد بارایسوسی ایشن کے صدر محمد طیب ایڈووکیٹ جنرل سیکرٹری ظفر کھوکھر ایڈووکیٹ نے میئر اسلام آباد کو بارایسوسی ایشن آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے وکلاء کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا ۔ اسلام آباد ہائی کورٹ بار کے صدر طارق محمود جہانگیر ی ایڈووکیٹ نے میئر اسلام آباد کی بار آمد پر خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے اس امیدکا اظہار کیا کہ اب وکلاء کے مسائل زیادہ احسن طریقے سے حل ہونگے۔

متعلقہ عنوان :