پاکستان کی ترقیاتی سرگرمیوں میں مسیحی برادری کا نمایاں کردار ہے، مشیر خارجہ

ہفتہ 19 نومبر 2016 16:08

پاکستان کی ترقیاتی سرگرمیوں میں مسیحی برادری کا نمایاں کردار ہے، مشیر ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 نومبر2016ء) مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقیاتی سرگرمیوں میں مسیحی برادری کا نمایاں کردار ہے۔حکومت نے مذہبی اقلیتوں کی فلاح و بہبود اور تحفظ کو یقینی بنانے کی غرض سے اقدامات کے علاوہ اقلیتوں کیلئے پارلیمنٹ و صوبائی اسمبلیوں کی مخصوص نشستوں میں اضافہ کیا ہے اور سرکاری ملازمتوں میں پانچ فیصد کوٹہ بھی مختص کیا ہے۔

یہ باتیں انہوں نے آرچ بشپ آف کنٹریبری جسٹن ویلبے کو پاکستان حکومت کی جانب سے میں مذہبی اقلیتوںکی فلاح و بہبود کیلئے کئے گئے اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کہیں۔دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق آرچ بشپ آف کنٹریبری نے ہفتہ کو دفتر خارجہ میں مشیر خارجہ سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

آرچ بشپ کا خیر مقدم کرتے ہوئے مشیر خارجہ نے ملکی ترقیاتی سرگرمیوں میں پاکستان کی مسیحی برادری کے نمایاں کردار کو اجاگر کیا اور پاکستان سمیت خطے میں تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال کا جائزہ پیش کیا۔

انہوں نے آرچ بشپ کو پاکستان میں جمہوری اداروں کے استحکام میں پیش رفت ،موثر انسداد دہشت گردی مہم اور اقتصادی احیاء سے آگاہ کیا۔ ترجمان کے مطابق دونوں رہنمائوں نے دنیا بھر میں تشدد کے اسباب کے حوالے سے امور پر تبادلہ خیال کیا اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے میں مذہبی رہنماوں کے کردار پر زور دیا۔آرچ بشپ آف کنٹریبری نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کیا اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے حکومت پاکستان کے اقدامات کو سراہا۔