وزارت مذہبی امور و بین المذاہب و ہم آہنگی اور ہوپ کے زیر اہتمام مشاورتی حج ورکشاپ کا انعقاد ورکشاپ کا مقصد مشاورت کے ذریعے تجاویز لیکر اگلے سال کے حج انتظامات کو مزید بہتر بنانا ہے ، حج انتظامات کے حوالے سے سعودی وزارت مذہبی امورکی تجاویز کو بھی شامل کیا جائے گا، وفاقی سیکرٹری برائے مذہبی امور سہیل عامر مرزا کا ورکشاپ سے خطاب

ہفتہ 19 نومبر 2016 14:45

لاہور۔19 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 نومبر2016ء) حج پالیسی 2017ء کی تیاریوں کے سلسلہ میں وزارت مذہبی امور و بین المذاہب و ہم آہنگی اور ہوپ کے زیر اہتمام ہفتہ کے روز مشاورتی حج ورکشاپ حاجی کیمپ میں منعقد ہو ئی، اس موقع پر وفاقی سیکرٹری برائے مذہبی امور سہیل عامر مرزا، وائس چیئر مین ہوپ پنجاب طالب حسین چوہدری اورحج ایسوسی ایشن کے عہد یداران سمیت دیگر شرکاء موجود تھے،مشاورتی حج ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی سیکرٹری برائے مذہبی امور سہیل عامر مرزا نے کہا کہ حج ورکشاپ کا مقصد مشاورت کے ذریعے تجاویز لیکر اگلے سال 2017ء کے حج کے انتظامات کو مزید بہتر بنانا ہے جبکہ آئندہ حج کے حوالے سے تمام گروپس اور احباب سے تجاویز بھی لی جائیں گی جس سے حج کے انتظامات کو مزید کامیاب بنانے میں مدد ملے گی ،انہوں نے کہا کہ حج ورکشاپ گزشتہ سال بھی منعقدکرائی گئی تھی جس میں حج کرکے آنے والے حجاج اکرام نے حج انتظامات کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے مختلف آراء دی تھیں جن میں جو اچھی باتیں تھیں ہم نے ان کو بہتر کیا اور آج بھی گذشتہ سال کی طرح حجاج اکرام کی تجاویز لیکر حج انتظامات میں مزید بہتری لائی جائے گی، وفاقی سیکر ٹری نے کہا کہ ہم نے حجاج اکرام کی تجاویز کو سنجید گی سے لیا ہے اور ان تجاویز سے حج انتظامات کو مزید بہتر بنانے میں مدد ملے گی،انہوں نے کہا کہ حج کے حوالے سے پاکستان میں دو طریقوں سے انتظا مات کئے جاتے ہیں جن میں سرکاری اور پرائیویٹ سیکٹر شامل ہیں،انہوں نے کہا کہ اچھی تجاویز شامل کرکے حج کے انتظامات کو مزید بہتر بنایا جائے گا،انہوں نے کہا کہ حج کے انتظامات کے حوالے سے آئندہ 19جنوری2017 ء کو سعودی وزارت مذہبی امور کے حکام کے ساتھ میٹنگ ہوگی جس میں ان کی تجاویز کو بھی شامل کیا جائے گا، وفاقی سیکرٹری برائے مذہبی امور نے کہاکہ 2016ء کی حج پالیسی کی کامیابی بہتر انتظامات کی بدولت ممکن ہوئی جس کو وزیر اعظم محمد نواز شریف نے بھی بے حدسراہا ہے،علاوہ ازیں حج پالیسی کو کامیاب بنانے کیلئے حجاج اکرام کا بھی کردار شامل ہے ٓحج کے عمل کو مزید بہتر سے بہتر بنانے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں ،50فیصد حجاج اکرام کے انتظامات حکومت کرتی ہے جبکہ باقی پرائیویٹ سیکٹر کرتا ہے، ہوپ کے ساتھ بھی حج مشاورتی عمل جاری ہے ان کی ٹھوس تجاویز سے حج کو مزید بہتر بنایا جاسکتا ہے۔