گلوبل وارمنگ نے دنیا میں تباہی پھیلا دی ،ْمراکش میں اقوام متحدہ کے کلائمٹ سمٹ کے موقع پر تصویری نمائش

نمائش میںسندھ کی پیاسی، قحط زدہ زمین کو بھی نمایاں طور پر دکھایاگیا

ہفتہ 19 نومبر 2016 13:29

گلوبل وارمنگ نے دنیا میں تباہی پھیلا دی ،ْمراکش میں اقوام متحدہ کے ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 نومبر2016ء) گلوبل وارمنگ نے زمین کا نقشہ ہی بدل دیا، ماحولیاتی گرمی نے دنیا کے ایک سرے سے دوسرے سرے تک تباہی پھیلادی ہے۔مراکش میں اقوام متحدہ کے کلائمٹ سمٹ کے موقع پر تصویری نمائش ہوئی، جس میں پیش کی گئی تصاویر نے گلوبل وارمنگ کے بھیانک اثرات کھول کر رکھ دیئے ،تصویری نمائش میںسندھ کی پیاسی، قحط زدہ زمین کو بھی نمایاں طور پر دکھایاگیا ہے۔

انٹارکٹیکا کی ایک تصویر میں پینگوئنز کا گروپ بے بسی سے برف میں دراڑ دیکھ رہا ہے، بنگلا دیش کی ایک تصویر میں سمندری سطح تیزی سے بلند ہوئی ہے۔آئس لینڈ میں ایک گلیشئیر کے منظر میں 2000سے اب تک 12فیصد کمی آئی ہے،پاکستان کے شمالی علاقے کریم آباد ویلی کے ایک منظر میں سیلاب نے کئی فصلیں تباہ کردیں۔

(جاری ہے)

کولمبیا میں کاربن سے بھرے دھویں کا ایک منظر جو ماحول آلودہ کرنے میں پیش پیش ہے،بنگلا دیش کا ایک دریا جو کبھی ٹھاٹیں مارتا تھا لیکن گلوبل وارمنگ سے کہیں غائب ہوگیا۔

گلوبل وارمنگ کی بھیانک تصویرمیں سندھ کی پیاسی، قحط زدہ زمین ہے،راجھستان کے ایک منظر میں ہیٹ ویو نے بھارتیوں کو دہلا دیا۔آلودگی کی تہہ میں لپٹی چین کی ایک فیکٹری کی تصویرکے علاوہ فرانس کی گرز جھیل کی منظر کشی بھی کی گئی ہے جہاں پانی کی سطح خطرناک حد تک کم ہوچکی ہے۔