وٹس ایپ کا ویڈیو کالنگ فیچر متعارف، صارفین کو خبردار رہنے کی ہدایت

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 18 نومبر 2016 12:37

وٹس ایپ کا ویڈیو کالنگ فیچر متعارف، صارفین کو خبردار رہنے کی ہدایت

(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔18 نومبر 2016ء): میسیجنگ سروس وٹس ایپ نے حال ہی میں اپنا ایک ویڈیو کالنگ فیچر متعارف کروایا ہے۔ جس کے بعد صارفین نے اس فیچر کا استعمال کیا اور اس کی داد بھی دی۔ لیکن وٹس ایپ کی جانب سے اس فیچر کے باقاعدہ اعلان کے بعد کچھ ہیکرز بھی متحرک ہو گئے ہیں ۔ وٹس ایپ صارفین سے گذارش ہے کہ وہ ویڈیو کالنگ کے فیچر کے لیے آنے والے کسی بھی دعوت نامے (Invite) پر کلک نہ کریں۔

ٹائمز آف انڈیا میں شائع ایک رپورٹ کے مطابق وٹس ایپ صارفین کو بھیجے گئے پیغامات میں ایک انوائٹ بھی بھیجا جا رہا ہے جس پر لکھا گیا ہے کہ اس لنک پر کلک کر کے آپ اپنے وٹس ایپ پر ویڈیو کالنگ کی سہولت استعمال کر سکیں گے۔ اس لنک کو کلک کرنے سے ایک اور پیج کھُل جاتا ہے جو دیکھنے میں تو بالکل وٹس ایپ کی آفیشل سائٹ کی طرح معلوم ہوتا ہے لیکن دراصل یہ ایک spamہے جسے ہیکرز نے بنایا ہے اور اس سے وٹس ایپ صارفین کو خبردار رہنے کی ہدایت بھی کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

وٹس ایپ صارفین سے گذارش ہے کہ ایسے کسی بھی پیغام پر توجہ نہ دیں جبکہ وٹس ایپ میں ویڈیو کالنگ کے فیچر کی سہولت استعمال کرنے کے لیے اپنے موبائل میں پلے اسٹور میں جائیں اور وٹس ایپ ایپلی کیشن کو اپ ڈیٹ کریں ، اپ ڈیٹ کرنے کے بعد صارف وٹس ایپ پر ویڈیو کالنگ کی سہولت سے بھی مستفید ہو سکے گا۔