زمرودہ حبیب کا نظر بندکشمیریوں کی حالت زار پر اظہار تشویش

جمعرات 17 نومبر 2016 23:26

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 نومبر2016ء)کشمیر تحریک خواتین کی سر براہ زمردہ حبیب نے جیلوں میں نظر بند کشمیریوں کی حالت زار اورشہریوں کی بلا جواز گرفتاریوں پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق زمرودہ حبیب نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ با رہمولہ ،کٹھوعہ اور دیگر جیلوں میں نظربندوں کی حالت انتہائی نا گفتہ بہ ہے اور انہیں طبی سمیت تمام بنیادی سہولیات سے محروم رکھا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ مقبوضہ وادی سے تعلق رکھنے والے بیسیوں افراد کو کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت جموں خطے کی جیلوں میں منتقل کیا گیا ہے جن کے اہلخانہ کو انکے ساتھ ملاقات میں سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ زمرودہ حبیب نے کہا کہ کٹھ پتلی حکومت نے نہتے کشمیریوں پرمظالم کے تمام ریکارڑ توڑ دیے ہیں اور نہتی عوام کے خلاف جبر و استبداد کا سلسلہ تھمنے میں نہیں آرہا۔ انہوںنے کہا کہ انتظامیہ کو ایک روز اپنی ان تمام چیرہ دستیوںکا حساب دینا پڑے گا۔ انہوں نے انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے اپیل کی کہ وہ کشمیری نظر بندوں کی حالت زار کا نوٹس لیتے ہوئے انکی رہائی کیلئے بھارت پر دبائو ڈالیں۔