دفاعی مصنوعات کی نمائش آئیڈیاز 22 سے 25نومبر تک ایکسپو سینٹر کراچی میں ہوگی

جمعرات 17 نومبر 2016 23:11

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 نومبر2016ء) 9ویں دفاعی نمائش(آئیڈیاز 2016) 22 نومبر سے 25 نومبر تک ایکسپو سینٹر کراچی میں منعقد ہوگی۔نمائش میں 70سے زائد ممالک شرکت کریں گے۔ نمائش کے موقع پر عالمی سیمینار کا بھی اہتمام کیا گیا ہے جس میں عالمی سیکورٹی ماہرین اپنے مقالے پیش کریں گے اور پاکستان کی جدید اور نئی دفاعی مصنوعات بھی پیش کی جائیں گی۔

آئیڈیاز کا بنیادی اور اہم کام ملکی اور غیر ملکی کمپنیوں، عالمی مندوبین، دفاعی اور سیکیورٹی تجزیہ کاروں اور پالیسی سازوں کو نمائش میں ایک جگہ جمع کرنا ہے تاکہ انہیں دفاعی شعبے میں اشیا کے فروغ اور باہمی تعاون کے نئے مواقع مل سکیں اور دفاعی پیداوار کی برآمدات کے فروغ، سہولت کی فراہمی اور رابطے کے لیے سرکاری اور غیر سرکاری شعبوں کو پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے۔

(جاری ہے)

یہ دفاعی صنعت کو باہمی منصوبوں کے لیے قریب لانے، انہیں ملانے اور رابطے کا خاص موقع ہے۔ آئیڈیاز ہمیں یہ موقع بھی فراہم کرتا ہے کہ ہم اپنے مقصد ہتھیار برائے امن کوحاصل کرسکیں۔ یہ پاکستان کے اصولی موقف کی بھی تائید کرتی ہے کہ پڑوسی ملکوں میں ہتھیاروں کی متوازن موجودگی موثر دفاع ہے۔بدر ایکسپو سلوشنز کے سی او او ظہیر نصیر کے مطابق یہ پاکستان کی سب سے بڑی نمائش ہے اور اس موقع پر اہم انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ مقامی اور عالمی میڈیا کی سہولت کے لیے بھی خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :