ژوب، چوری وڈکیتی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر انتظامیہ حرکت میں آگئی،مختلف علاقوں میں چھاپے

چوری اوردیگروارداتوں میں ملوث ملزمان گرفتار،مسروقہ موٹرسائیکل برآمد

جمعرات 17 نومبر 2016 20:42

ژوب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 نومبر2016ء)ژوب میں چوری وڈکیتی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پرقابوپانے کیلئے انتظامیہ حرکت میں آگئی،مختلف علاقوں میں چھاپے،چوری اوردیگروارداتوں میں ملوث ملزمان گرفتار،مسروقہ موٹرسائیکل برآمدکرلی گئی ۔تفصیلات کے مطابق شہرمیں امن وامان کی صورتحال کی بہتری ،چوری وڈکیتی کی وارداتوں پرقابوپانے اورجرائم کا قلع قمع کرنے کیلئے اسسٹنٹ کمشنرکیپٹن (ر)جمیل احمدرندکی زیرصدارت لیویزاورپولیس آفیسروں کا ایک اہم اجلاس منعقدہوا۔

جس میں ایس ایچ او،ایڈیشنل ایس ایچ او،لیویزرسالدار،نائب رسالداراوردیگرنے شرکت کی۔ اسسٹنٹ کمشنرنے انتظامی آفیسروں کو ہدایت کی ۔کہ وہ جرائم کی بیخ کنی اورجرائم پیشہ عناصرکاقلع قمع کرنے کیلئے بلاامتیازکاروائیاں تیزمزیدکردیں۔

(جاری ہے)

جرائم میں ملوث عناصرخواہ کتناہی بااثرکیوں نہ ہو،ان کے خلاف بلاتفریق کاروائی کی جائے۔اسسٹنٹ کمشنرنے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایاکہ حالیہ کاروائیوں کے نتیجے میں مختلف علاقوں میں چھاپوں کے دوران چھ مشتبہ افراد کو گرفتارکرلیاگیاہے۔

اورچوری کی گئی ایک موٹرسائیکل بھی برآمدکرلی گئی ہے۔انھوں نے کہاکہ امن وامان میں خلل ڈالنے والوں،منشیات فروشوںاورچوری وڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث افراد سے آہنی ہاتھوں سے نمٹاجائے گا۔خواہ کوئی کتناہی بااثرکیوں نہ ہو،ان کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی جائے گی۔