تعلیم کی درس گاہوں کا فروغ، علم و دانش اور تحقیق کی سرپرستی کسی بھی معاشرے کی تعمیر و ترقی کی اساس ہے، ڈائریکٹر نیب بلوچستان

جمعرات 17 نومبر 2016 19:23

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 نومبر2016ء) ڈائریکٹر نیب بلوچستان سید محمد عامر شاہ نے کہا تعلیم و تعلیم کی درس گاہوں کا فروغ، علم و دانش اور تحقیق کی سرپرستی کسی بھی معاشرے کی تعمیر و ترقی کی اساس ہے۔ جہاں ادارے مضبوط ہوں ، تعلیم و تحقیق کا جذبہ زندہ ہو بلندی و سرفرازی ایسے معاشرے کا مقدر ٹھہرتی ہے۔نیب بلوچستان کے زیر اہتمام انٹر یونیورسٹیز مضمون نویسی اور پوسٹر کے مقابلوں کی الحمد یونیورسٹی میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائر یکٹر نیب نے کہا کہ ہمارے ملک میں ہنر مندوں کی کمی نہیں خصوصاً اگر بات کی جائے بلوچستان کی تو یہاں صلاحیت کا کوئی فقدان نہیں ، اگر ہے تو مواقع اور طلبہ کی سرپرستی کی ہے ۔

انھوں نے کہا آج کی اس محفل میں طلبہ و طالبات کی مضمون نویسی میں مہارت اور پوسٹر میں بد عنوانی کے خلاف مہم جوئی دیکھ کر میں اس نقطے پر پہنچا ہوں کہ ہمارے نوجوان ملک سے کرپشن کا خاتمہ چاہتے ہیں ۔

(جاری ہے)

اگر آج ہم نے اس فصل کی صحیح خطوط پر آبیاری کی تو کل کا سورج ہماری خوشحالی کی نوید ہوگا۔پوسٹر اور مضمون نویسی کے مقابلوں میں بلوچستان یونیورسٹی ، بیوٹمز ، وویمن یونیورسٹی، الحمد اسلامک اور نمل یونیورسٹی کے طلباء و طالبات نے حصہ لیا ۔

ڈائریکٹر نیب نے بد عنوانی کے خاتمے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہر شخص کو اپنے گریبان میں دیکھنا ہوگا، کیا استاد کی ذمہ داری نہیں کہ وہ اپنے شعبے میں انصاف کے تقاضے پورے کرتے ہوئے طلبہ کی صحیح نہج پر رہنمائی کرے، اوقات کار کی پابندی اور درس و تدریس میں ، رزق حلال کو اپنا نصب العین بنائے۔ انھوں نے مزید کہا کہ بد عنوانی کا خاتمہ صرف قومی احتساب بیورو کی ذمہ داری نہیں یہ ہر اس شخص کی ذمہ داری ہے جو یہ سمجھتا ہے کہ یہ ملک اس کا ملک ہے جسے ہمارے آبائو اجداد نے اپنے خون سے سینچا ہے۔

طلبا کا آ ج اس برائی کیخلاف عہد ہمارے خوشحال کل کی ضمانت ہے۔ رجسٹرار الحمد اسلامک یونیورسٹی غلام مصطفی شاہوانی بھی اس موقع پر موجود تھے۔تقریب کے اختتام میں کامیاب طلبا و طالبات میں انعامات تقسیم کئے گئے۔

متعلقہ عنوان :