لڑکی اغواء کیس میں ملوث گروہ کے تین افراد کو ضلعی عدالت نے بری کردیا

جمعرات 17 نومبر 2016 18:53

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 نومبر2016ء) لڑکی اغواء کیس میں ملوث گروہ کے تین افراد کو ضلعی عدالت نے بری کردیا۔ ملزمان کے خلاف ٹھوس شواہد اور لڑکی کی عدم دستیابی پر عدالت نے تینوں ملزمان کوبری کرنے کا حکم سنا دیا۔ تفصیلات کے مطابق اغواء کیس کی سماعت ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شاہ رخ ارجمند نے کی۔ ملزمان کے وکیل نے موقف اپنایا ہے کہ لڑی ان کے ساتھ کام کرتی تھی اور کبھی کبھار وہ گھر تک بھی چھوڑ آتے تھے مگر لڑکی کے اغواء میں ملزمان کا کوئی ہاتھ نہیں ہے۔

(جاری ہے)

مدعی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان کا چوتھا ساتھی اور لڑکی تاحال لاپتہ ہیں۔ عدالت نے دونوں فریقین کے دلائل سننے کے بعد فاضل جج نے وسیم حیدر ‘عمران شیخ اور استاد وسیم کو بری کرنے کا فیصلہ سنا دیا۔ جبکہ ملزم حیدر امام کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے گرفتار کرکے پیش کرنے کا بھی حکم جاری کیا۔ واضح رہے کہ لڑکی کے والد محمد بلال مغل نے چار ملزمان کیخلاف بیٹی کے اغواء کا مقدمہ درج کرا رکھا ہے جو مدعی کی بیٹی (الف ۔ ق) کے ساتھ ایک ساتھ نوکری کرتے تھے محمد بلال مغل نے تھانہ بہارہ کہو میں مقدمہ 365-B کے تحت مقدمہ نمبر 127/2016 درج کر رکھا ہے۔ (عابد شاہ/حسن)