بھٹ شاہ ،گلوکارہ عابدہ پروین کی گاڑی سے مشتبہ شخص گرفتار

جمعرات 17 نومبر 2016 18:10

بھٹ شاہ ،گلوکارہ عابدہ پروین کی گاڑی سے مشتبہ شخص گرفتار
بھٹ شاہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 نومبر2016ء) گلوکارہ عابدہ پروین کی گاڑی سے مشتبہ شخص کو گرفتار کر لیا گیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق معروف صوفی بزرگ شاہ عبدالطیف بھٹائی کے مزار کے قریب گلوکارہ عابدہ پروین کی گاڑی میں مشتبہ شخص کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس حرکت میں آگئی جسے گرفتار کر لیا گیا ہے۔ گلوکارہ عابدہ پروین شاہ عبدالطیف بھٹائی کے عرس کے دوسرے روز کلام پیش کر کے گاڑی کی طرف واپس لوٹیں تو اٴْن کی گاڑی میں مشتبہ شخص موجود تھاجس پر وہ گاڑی سے باہر نکل گئیں اور پولیس سے مدد طلب کی۔

گلوکارہ کی جانب سے مدد طلب کرنے کے بعد سیکیورٹی اداروں نے ان کی گاڑی میں موجود شخص کو گرفتار کر کے تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔ دوسری جانب مشتبہ شخص کا کہنا ہے کہ وہ عابدہ پروین اور سیکیورٹی عملے کو اچھی طرح جانتا ہے اور یہ لوگ بھی اسے جانتے ہیں مگر اب پہچان نہیں رہے۔

(جاری ہے)

سانحہ شاہ نورانی کے بعد آئی جی سندھ کے احکامات کے بعد صوفی بزرگ کے عرس پر انتہائی سخت سیکیورٹی کے اقدامات کیے گئے تھے تاہم مشتبہ شخص ان کی گاڑی تک پہنچنے میں نہ صرف کامیاب ہوا بلکہ اندر بھی بیٹھ گیا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں معروف قوال امجد صابری کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا۔۔

متعلقہ عنوان :