انڈیپنڈنٹ سروے کی پنجاب میں ایمونائزیشن کوریج میں نمایاں بہتری کی تصدیق

پنجاب میں بیماریوں کی روک تھام کا پروگرام انتہائی کامیابی سے چل رہا ہے،صوبہ میں ایک ارب76 کروڑ روپے کی لاگت سے مزید پانچ ویکسین معتارف کرائی جائیں گی‘سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ پنجاب علی جان خان

جمعرات 17 نومبر 2016 16:31

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 نومبر2016ء) سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ پنجاب علی جان خان نے کہا ہے کہ انڈیپنڈنٹ ذرائع کے سروے نے بھی صوبہ میں ای پی آئی پروگرام کے تحت روٹین ایمونائزیشن کوریج میں نمایاں بہتری کی تصدیق کی ہے،وزیراعلی ہیلتھ ریفارمز پروگرام کے تحت پرائمری ہیلتھ کیئر خصوصا ماں بچہ کی صحت کے پروگراموں اور عوام کو بنیادی طبی سہولیات کی فراہمی کے انڈیکیٹرز بتدریج بہترہورہے ہیں۔

انہوں نے یہ بات ڈیپارٹمنٹ فار انٹر نیشنل ڈویلپمنٹ برطانیہ( ڈیفڈ ) کے پاکستان میں نمائندے سرمائیکل باربر اور ان کی ٹیم کے ہمراہ پری سٹاک ٹیک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ پنجاب ڈاکٹر مختار حسین سید،سپیشل سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر فیصل ظہور،محکمہ کے سینئر افسران، ٹی آر ایف پلس کے ڈاکٹر انور جنجوعہ پالیسی اینڈ سٹرٹیجک پلاننگ یونٹ کے ڈائریکٹر محمد خان رانجھا اور چیف منسٹر ہیلتھ روڈ میپ ٹیم کے ارکان بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

علی جان خان نے مزید کہا کہ توسیعی پروگرام برائے حفاظتی ٹیکہ جات کی نئی حکمت عملی کے تحت مختلف اضلاع میں کم کوریج والی پاکٹس میں بچوں اور حاملہ خواتین کی ایمونائزیشن پر خصوصی توجہ دی جائے گی جس کا آغاز جنوبی پنجاب کے اضلاع سے کیا جائے گا۔سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کا کہنا تھا کہ محکمہ نے راجن پور اور ڈیرہ غازی خان کے علاقوں میں کوریج کو بہتر بنانے کے لئے ایک پلان ترتیب دے دیا ہے مزیدبراں24/7-IRMNCH پروگرام کے تحت 24 گھنٹے ڈلیوری کی سہولت فراہم کرنے والے 700 بنیادی مراکز صحت سے دیہی مراکز صحت کو مریض منتقل کرنے کا ریفرل سسٹم بنانے پر تیزی سے کام کررہا ہے تاکہ سیریس کیسز کو فوری طور پر منتقل کیا جاسکے۔

علی جان خان نے مزید کہا کہ IRMNCHڈلیوریز کے درست اعدادوشمار کی رپورٹنگ کو بہتر بنانے کے لئے اینڈ رائیڈ بیسڈ رئیل ٹائم سسٹم چند اضلاع میں پائلٹ کررہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ 2017ء میں روٹا وائرس، ڈی پی ٹی بوسٹر ڈوز(4-5 سال کی عمر کے بچوں کے لئی) نومولود بچوں کے لئے ہیپاٹائٹسBکی برتھ ڈوز،2018 میںمیزل روبیلا (MR)اور2019میں حاملہ خواتین کے لئے TD ویکسین متعارف کرائے گا جس پر مجموعی طور پر ایک ارب76 کروڑ97لاکھ روپے خرچ کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے ٹھوس اقدامات جاری ہیں اور بیماریوں کی روک تھام کاپروگرام کامیابی کے ساتھ چل رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :