مولانا طاری کی طرف سے شہدائے عالی کدل کو زبردست خراج عقیدت ، الہی باغ صورہ کے بزرگ شہری کی وفات پر اظہارافسوس

جمعرات 17 نومبر 2016 16:13

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 نومبر2016ء) مقبوضہ کشمیرمیں جموںوکشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے شہدائے عالی کدل کو انکی شہادت کی 24ویں برسی پر زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے جنرل سیکرٹری مولانا محمد عبداللہ طاری نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں شہدائے عالی کدل جن میں شیخ عبدالحمید ، جمیل چودھری،مشتاق احمد لون ،فیاض احمد شیخ ،مشتاق احمد کوٹے، منظور احمد بٹ اور غلام محمد غلام شامل ہیں کو ان کی شہادت کی 24برسی اور شہید محمد مقبول بٹ کے بھائی شہید غلام نبی بٹ کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔

انہوںنے کہاکہ ہم ان شہداء کی قربانیوں کے مقروض ہیں۔انہوںنے شہدائے عالی کدل سمیت تمام شہدائے کشمیر کے ایصال ثواب کیلئے دعا کی۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ شہید شیخ عبدالحمید اور ان کے ساتھیوں نے ایک عظیم مقصد کے حصول کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور شہداء کے مشن کواسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا ۔انہوں نے رواں ا نتفادہ کے دوران بھارتی فورسز کے ہاتھوں شہید ہونیوالے کشمیریوں کو بھی زبرست خراج عقیدت پیش کیا ۔

ادھر مو لا نا طاری نے الہیٰ باغ صورہ میں فورسز اہلکاروںکے ہاتھوں زخمی ہونے والے بزرگ شہری غلام محمد خان کے جاں بحق ہونے پر شدید رنج و غم کا اظہار کیا ۔، انہوںنے کہاکہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فورسز اتنی بے لاگام ہو چکی ہیں کہ بزرگوں کو بھی نہیں بخش رہیں ۔انہوں نے لواحقین کے ساتھ اظہار ہمدردی کر تے ہو ئے ان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ۔