نیا رہائشی سیارہ دریافت نہیں کیا تو ایک ہزار سال کے اندر انسانوں کا خاتمہ ہوجائے گا، معروف سائنسدان کا انتباہ

جمعرات 17 نومبر 2016 15:01

نیا رہائشی سیارہ دریافت نہیں کیا تو ایک ہزار سال کے اندر انسانوں کا ..
لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 نومبر2016ء)دنیا کے معروف ترین سائنسدانوں میں سے ایک پروفیسر اسٹیفن ہاکنگ نے خبردار کیا ہے کہ اگلے ایک ہزار برسوں تک انسانوں کو اپنا ٹھکانہ کسی اور سیارے پر بنانا ہوگا۔برطانوی میڈیا کے مطابق آکسفورڈ یونین ڈیبیٹنگ سوسائٹی سے خطاب کے دوران 74 سالہ سائنسدان نے کہا کہ اگر ہم نے رہائش کے لیے کوئی اور سیارہ دریافت نہیں کیا تو ایک ہزار سال کے اندر انسانوں کا خاتمہ ہوجائے گا۔

انہوں نے زور دیا کہ انسانوں کو خلا میں اپنی رہائش کے لیے نئے مقام کی کوششوں کو جاری رکھنا ہوگا ورنہ ہمارا خاتمہ ہوجائے گا۔انہوں نے کہا ' ہمیں خلا میں آگے بڑھنا ہوگا کیونکہ انسانیت کا مستقبل اسی پیشرفت میں چھپا ہے، مجھے نہیں لگتا کہ کسی دوسرے سیارے کو تلاش کیے بغیر ہم اگلے ایک ہزار سال کے بعد اپنے اس خستہ حال سیارے میں بچ سکیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ماضی میں یہ انتباہ کیا تھا کہ انسانوں کی بقا جوہری جنگ، جینیاتی انجنیئرنگ سے تیار کردہ وائرس اور گلوبل وارمنگ کے نتیجے میں خطرے کی زد میں ہے۔اسی طرح حال ہی میں انہوں نے کہا تھا کہ مستقبل میں ہماری دنیا روبوٹ ورلڈ ہوگی جہاں ہمارے بچے موسمیاتی تبدیلیوں سے جنگ لڑ رہے ہوں گے۔اپنے حالیہ خطاب میں انہوں نے کہا 'ہمارے بچوں کو آگے بڑھ کر نئی دریافتیں کرنا ہوں گی مگر اس کے ساتھ ساتھ دنیا کے تحفظ کی جنگ بھی لڑنا ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ہمیں لاکھوں کہکشاں کی پوزیشن کے نقشے تیار کرنا ہوں گے جس کے لیے سپر کمپیوٹرز سے مدد لی جاسکتی ہے جس سے ہمیں کائنات میں اپنے مقام کے بارے میں سمجھنے میں مدد ملے گی۔