علماء کرام چہلم کے دوران ضلع میں امن و امان قائم رکھنے میں کردار ادا کریں‘ ڈپٹی کمشنر کوہاٹ

جمعرات 17 نومبر 2016 13:22

پشاور۔17نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 نومبر2016ء) ڈپٹی کمشنر کوہاٹ ظاہر شاہ نے تمام مکاتب فکر اور مسالک کے علماء کرام سے اپیل کی ہے کہ وہ چہلم کے دوران ضلع میں امن و امان قائم رکھنے اور اہل تشیع کے ماتمی جلوسوں کے پر امن انعقاد کے لئے ضلعی انتظامیہ اور سیکورٹی اداروں کے ساتھ بھر پور تعاون کریں اور امن دشمن اور شر انگیز قوتوں کو اپنے مزموم عزائم میں کسی صورت کامیاب نہ ہونے دیں ۔

انہوں نے اپنے دفتر میں اہل سنت والجماعت اور اہل تشیع کے علماء کرام و اکابرین کے الگ الگ جرگوں اور سرکاری محکموں کے اجلاس سے خطاب کے دوران کی ۔اس موقع پر تحصیل ناظم کوہاٹ ملک تیمور ، ڈی پی او کوہاٹ صہیب اشرف، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر خالقداد وزیر ، دونوں مسالک کے علماء کرام ، مختلف سیاسی پارٹیوں کے رہنمائوں ،تاجر برادری کے نمائندوں اور عمائدین علاقہ بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

شرکا ء نے چہلم کے پر امن انعقاد کے لئے مفید تجاویز دیں اور انتظامیہ کو اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا ۔ڈپٹی کمشنر کوہاٹ نے علماء کرام پر زور دیا کہ وہ اپنے خطبات میں صبرو تحمل ،اتفاق و اتحاد ،قومی یگانگت ،اخوت و بھائی چارے کے فروغ اور برداشت کا درس دیں اوراشتعال انگیزی پھیلانے سے گریز کریں۔انہوں نے کہا کہ پوری قوم کی خواہش ہے کہ چہلم خیر و عافیت سے گزرے اور کوئی ناخوشگوار واقع رونما نہ ہو ں ۔

انہوں نے یقین دلایا کہ چہلم کے پر امن انعقاد کے لئے تمام مسالک کے علماء کرام اور اکابرین کی تجاویز کا خیر مقدم اور ان سے پھر پور استفادہ کیا جائے گا ۔ ظاہر شاہ نے سیکورٹی حکام سے کہا کہ وہ چہلم کے دوران مقامی آبادی کا خصوصی خیال رکھیں اور شر پسند عناصر پر کڑی نظر رکھیں ۔

متعلقہ عنوان :