بحیرہ روم میں ایک ہفتے کے دوران 240 مہاجرین ڈوب کر ہلاک

5 مختلف ریسکیو آپرینشز کے دوران 580 افراد کو بچایا گیا ،ْ ایک لاش سمندر سے نکالی گئی

جمعرات 17 نومبر 2016 13:18

بحیرہ روم میں ایک ہفتے کے دوران 240 مہاجرین ڈوب کر ہلاک
روم(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 نومبر2016ء)اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ بحیرہ روم میں گذشتہ ایک ہفتے کے دوران 240 مہاجرین ڈوب کر ہلاک ہوگئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق اس عرصے میں 3200 سے زائد افراد کو ریسکیو کیا گیا۔حالیہ ہلاکتوں کے حوالے سے اقوامِ متحدہ کی پناہ گزین ایجنسی (یو این ریفیوجی ایجنسی) کو ان حادثات میں بچ جانے والے 15 افراد نے بتایا یہ افراد اس بد نصیب کشتی میں سوار تھے جس میں 135 افراد سفر کررہے تھے۔

بحیرہ روم میں حالیہ خراب موسم کے باعث حادثے میں 95 افراد ڈوب کر ہلاک ہوئے ،ْمذکورہ حادثے میں ہلاک ہونے والے صرف 9 افراد کی لاشوں کو ہی سمندر سے نکالا جاسکا۔اٹلی کوسٹ گارڈ کے مطابق 5 مختلف ریسکیو آپرینشز کے دوران کم سے کم 580 افراد کو بچایا گیا جبکہ ایک لاش بھی سمندر سے نکالی گئی۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ بحیرہ روم میں سمندری سفر کرنے والے بیشتر مہاجرین لیبیا سے اٹلی کی جانب نقل مکانی کررہے تھے۔

رواں سال 4000 مہاجرین خطرناک بحیرہ روم کی لہروں کا شکار ہو کر مختلف سمندری حادثات میں ہلاک یا لاپتہ ہوگئے ہیں ،ْ4 نومبر 2016 کو لیبیا کے ساحل کے قریب مہاجرین کی دو کشتیاں الٹ جانے کے نتیجے میں 110 سے زائد افراد ڈوب کر ہلاک ہوگئے تھے۔21 اپریل 2016 کو اقوامِ متحدہ کی پناہ گزین ایجنسی نے خدشہ ظاہر کیا کہ بحیرہ روم میں کشتی سمندر میں ڈوب جانے کے مختلف واقعات میں 500 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے ،ْ19 اپریل 2016 کو غیر قانونی طور پر یورپ جانے والے تارکین وطن کی کشتی بحیرہ روم میں ڈوبنے سے 200 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی تھی۔

23 ستمبر 2016 کو مصر کے ساحل کے قریب مہاجرین کی کشتی الٹنے کے واقعے میں 162 افراد ہلاک ہوئے، مذکورہ کشتی پر 400 سے زائد افراد سوار تھے۔29 مئی 2016 کو اقوام متحدہ نے رواں ہفتے میں لیبیا کے ساحلی علاقے میں تارکین وطن کی متعدد کشتیاں ڈوب جانے سے 700 افراد کے ہلاک ہونے کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔