چینی سرمایہ کار وں کی پاکستان میں ایک میگا کنسٹرکشن شاپنگ مال تشکیل دینے کیلئے سرمایہ کاری کی پیشکش

سات رکنی چینی وفد کی پاک چین جوائنٹ چیمبر کے صدر مسٹر وینگ ذہائی ، سینئر نائب صدر احمد فہیم خان اور اراکین مجلس عاملہ سے ملاقات

جمعرات 17 نومبر 2016 12:44

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 نومبر2016ء) چینی سرمایہ کار وں نے پاکستان میں کنسٹڑکشن سیکٹر کو عالمی معیار کے مطابق جدید بنانے کیلئے ایک میگا کنسٹرکشن شاپنگ مال تشکیل دینے کیلئے سرمایہ کاری کی پیشکش کر دی ۔یہ پیشکش ایک سات رکنی چینی وفد نے پاک چین جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر مسٹر وینگ ذہائی ، سینئر نائب صدر احمد فہیم خان اور اراکین مجلس عاملہ کے ساتھ ایک ملاقات کے دوران کی۔

چینی کمپنی شینڈونگ انٹرنیشنل ٹریڈ لمیٹڈ سے آنے والے اس وفد کی سربراہی مسٹر شین فنگ شو کر رہے تھے۔دورے کا بنیادی مقصد اس میگا پراجیکٹ کو تعمیر کرنے کیلئے مناسب جگہ کا انتخاب کرنا اور متعلقہ اداروں کے ساتھ ملاقاتیں کرنا تھا ۔وفد ممبران کا کہنا تھا کہ پاکستان کا تعمیراتی نظام روائتی اور energy inefficient ہے۔

(جاری ہے)

مندوبین کے بقول اُن کے متعارف کردہ ماحول دوست ، ہائی ٹیک تعمیراتی آلات سے پاکستا ن میں کنسٹرکشن اخراجات میں 10% تک کمی لائی جاسکتی ہے۔

مندوبین نے آگاہ کیا کہ اُنہوں نے اپنے جدید کنسٹرکشن ڈیزائنز میں موسمی تبدیلی کے مطابق شمسی اور جیو تھرمل توانائی کو استعمال کیا ہے جس سے موسم کے مطابق عمارتوں میں درجہ حرارت کو برقرار رکھا جاتا ہے۔چیمبر کے صدر مسٹر وانگ نے اپنے استقبالیہ خطاب کے دوران پاکستان کے کنسٹرکشن شعبے کے حوالے سے موجود سرمایہ کاری امکانات کے بارے میں مندوبین کو بریفنگ دی ۔

اُنہوں نے بتایا کہ کنسٹرکشن انڈسٹری پاکستان کی چند بڑھتی ہوئی صنعتوں میں سے ایک ہے ۔ مسٹر وانگ نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری سے پاکستان کی کنسٹرکشن صنعت میں ایک نئے دور کا آغاز ہوا ہے اور یہ بہترین وقت ہے کہ زیادہ سے زیادہ چینی سرمایہ کار پاکستان کے اس شعبے میں سرمایہ کاری کریں ۔ احمد فہیم خان نے اس موقع پر اپنی گفتگو میں وفد کے ماڈل کنسٹرکشن شاپنگ مال قائم کرنے کے خیال کو سراہا ۔

اُنہوں نے بتایا کہ رہائش اور تعمیراتی شعبے میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے یہ کافی خوش آئیند بات ہے کہ پاکستانی حکومت نے اس شعبے کو جدید بنانے کیلئے نشاندہی کی ہوئی ہے اور ٹھوس پالیسیاں وضع کی جارہی ہیں ۔اُنہوں نے کہا کہ اس شعبے کی ترقی سے بیشتر صنعتوں کو ترقی ملے گی جن میں لوہا ، پتھر ،ٹائل سینٹری ، گلاس ، پینٹ ، مشینری اور فرنیچر سرِ فہرست ہیں اس کے علاوہ لاکھوں لوگوں کو روز گار بھی مہیا ہو گا ۔

وفد کے سربراہ مسٹر شین فنگ شو نے اپنا موقف بیان کرتے ہوے کہا کہ چین پاکستان میں جدید انفراسٹرکچر منتقل کرنے کا خواہاں ہے اور جدید انفراسٹرکچر براہِ راست کنسٹرکشن صنعت کے ساتھ منسلک ہے لہٰذا اُن کا ماننا ہے کہ پاکستان میں ماڈل کنسٹرکشن شاپنگ مال قائم کر کے عام عوام میں رہائش اور کنسٹرکشن کے جدید نظام کو متعارف کرایا جائے جس سے کہ یہ رجحان سوسائٹی کے مختلف طبقات میں سرائیت کر جائے گا۔وفد ممبران نے کنسٹرکشن شعبے کا مفصل جائزہ فراہم کرنے پر پاک چین جوائینٹ چیمبر کے بھرپور تعاون کیلئے اظہار تشکر کیا اور پاکستان میں شاپنگ مالز کے رجحانات کا جائزہ لینے کیلئے شہر کے بڑے شاپنگ سنٹرز مثلا ہائپر اسٹار ، ایمپوریم مال اور مال آف لاہور کا دورہ بھی کیا۔

متعلقہ عنوان :